پاکستانی نژاد فرانسیسی فیشن ڈیزائنر محمود بھٹی کو ٹیکس فراڈ کیس میں سزا

پیرس کی عدالت نے دو سال معطل قید، جرمانہ اور کمپنی چلانے پر 10 سال پابندی عائد کر دی
شائع 21 مئ 2026 08:09pm

فرانس میں پاکستانی نژاد فیشن ڈیزائنر محمود بھٹی کو ٹیکس فراڈ اور منی لانڈرنگ کے مقدمے میں سزا سنا دی گئی ہے۔ عدالت نے انہیں معطل قید، جرمانے اور کاروباری سرگرمیوں پر پابندی کی سزا دی ہے۔

فرانسیسی اخبار ’لی مونڈ‘ کے مطابق پاکستانی نژاد فرانسیسی فیشن ڈیزائنر محمود بھٹی کو پیرس کی اپیل کورٹ نے ٹیکس فراڈ اور منی لانڈرنگ کے مقدمے میں مجرم قرار دیا ہے۔

عدالتی فیصلے کے مطابق محمود بھٹی کو دو سال کی معطل قید کی سزا سنائی گئی ہے، جب کہ ان پر ایک لاکھ پچاس ہزار یورو جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ انہیں 10 سال تک کسی بھی کمپنی کے انتظامی امور چلانے پر پابندی کا سامنا ہوگا۔

رپورٹ کے مطابق عدالت نے ان سے تین لگژری گھڑیاں اور تین جیگوار گاڑیاں بھی ضبط کر لی ہیں۔

مقدمے کی سماعت کے دوران انکشاف ہوا کہ 2009 سے 2012 کے دوران ٹیکس فراڈ اور 2009 سے 2014 تک منی لانڈرنگ کے الزامات ثابت ہوئے۔

تفتیش میں یہ بات سامنے آئی کہ وہ متحدہ عرب امارات میں قائم کمپنی کے ذریعے قرضوں کے نظام سے اپنی پرتعیش زندگی کو فنڈ کرتے رہے۔

محمود بھٹی نے اپیل کے دوران الزامات کو تسلیم کرتے ہوئے کم سزا پر رضامندی ظاہر کی۔ اس سے قبل وہ 2001 میں بھی مالی فراڈ کے ایک کیس میں زیرِ تفتیش رہ چکے ہیں۔

Read Comments