عیدالاضحیٰ میں گرمی سے بچنے کے لیے 6 ہائیڈریٹنگ ریسیپیز
عیدالاضحیٰ کا تہوار خوشیوں، خاندانی میل جول اور لذیذ پکوانوں کا دوسرا نام ہے۔ یہ تہوار مزیدار کھانوں کے بغیر ادھورا سمجھا جاتا ہے۔ بریانی، کباب، قورمہ اور میٹھی سویاں تو ہر دسترخوان کی شان ہوتے ہیں، لیکن شدید گرمی میں بھاری کھانوں کے ساتھ جسم کو ٹھنڈا اور ہائیڈریٹ رکھنا بھی بےحد ضروری ہے۔
طبی ماہرین کے مطابق عید کے بھاری اور روغنی کھانوں کے بعد اگر جسم کو مناسب مقدار میں پانی اور ٹھنڈک نہ ملے، تو انسان شدید تھکن، سستی اور توانائی میں کمی محسوس کرنے لگتا ہے۔ اس لیے عید کے مینو میں کچھ ہلکے اور فرحت بخش پکوان شامل کرنا ایک بہترین اور صحت بخش طریقہ ہے۔
یہ تو ہم سب ہی جانتے ہیں کہ عید کے روایتی کھانوں کے ساتھ ٹھنڈے مشروبات، ہلکے سلاد اور میٹھے نہ صرف ذائقہ بڑھاتے ہیں بلکہ پورا دن تروتازہ اور چست بھی رکھتے ہیں۔
اس حوالے سے یہاں ہم آپ کو چند آسان اور مزیدار ریسیپیز بتا رہے ہیں جو گرمی میں آپ کو فریش اور انرجی سے بھرپور رکھنے میں مددگار ثابت ہو سکتی ہیں اورعید کی ضیافت کو بھاری پن سے بھی بچاسکتی ہیں۔
گلاب اور لیموں کا شربت
گلاب اور لیموں کا شربت گرمیوں کے موسم میں نہایت فرحت بخش اور توانائی دینے والا مشروب سمجھا جاتا ہے۔ یہ ٹھنڈا ڈرنک گلاب کے شربت، تازہ لیموں کے رس، ٹھنڈے پانی اور آئس کیوبز سے تیار کیا جاتا ہے، جو جسم کو فوری ٹھنڈک پہنچاتا ہے۔
عیدالاضحیٰ جیسے پُرمسرت موقع پر جب مصالحے دار اور بھاری کھانے زیادہ کھائے جاتے ہیں، تو یہ شربت نہ صرف پیاس بجھاتا ہے بلکہ جسم کو ہائیڈریٹ رکھنے میں بھی مدد دیتا ہے۔ اس کی ہلکی مٹھاس اور لیموں کی کھٹی تازگی ذائقے کو مزید بڑھا دیتی ہے۔
اگر اس میں چند پودینے کے پتے یا تخمِ ملنگا شامل کر دیے جائیں تو اس کی غذائیت اور ٹھنڈک دونوں بڑھ جاتی ہیں، جس سے یہ گرمی کے موسم کے لیے ایک بہترین عید ڈرنک بن جاتا ہے۔
دہی چنا چاٹ
یہ ہلکی دہی چنا چاٹ ابلے ہوئے چنوں، ٹھنڈے دہی، باریک کٹی ہوئی پیاز، ٹماٹر اور ہلکے مصالحوں کے امتزاج سے تیار کی جاتی ہے، جو ذائقے کے ساتھ ساتھ غذائیت سے بھرپور بھی ہوتی ہے۔ اس میں موجود پروٹین اور فائبر جسم کو توانائی فراہم کرتے ہیں جبکہ دہی کی ٹھنڈک گرمی کے اثرات کو کم کرنے میں مدد دیتی ہے۔
عید جیسے تہوار پر بھاری کھانوں کے بعد یہ چاٹ نہ صرف معدے کو ہلکا محسوس کراتی ہے بلکہ نظامِ ہاضمہ کو بھی بہتر بناتی ہے۔
اگر اس میں تھوڑا سا بھنا ہوا زیرہ، چاٹ مصالحہ اور تازہ دھنیا شامل کیا جائے تو اس کا ذائقہ مزید نکھر جاتا ہے اور یہ ایک بہترین ریفریشنگ اسنیک کے طور پر استعمال کی جا سکتی ہے۔
تربوز اور پودینے کا شربت
تربوز اور پودینے کا شربت ایک قدرتی اور انتہائی فرحت بخش مشروب ہے جو گرمی کے شدید موسم میں جسم کو فوری ٹھنڈک فراہم کرتا ہے۔ تازہ تربوز کو پودینے کے پتوں اور برف کے ساتھ بلینڈ کر کے تیار کیا جانے والا یہ مشروب نہ صرف ہلکا اور مزیدار ہوتا ہے بلکہ جسم میں پانی کی کمی کو بھی پورا کرنے میں مدد دیتا ہے۔
عید کے گرم دنوں میں جب بھاری کھانوں کے بعد تھکن اور گرمی محسوس ہو تو یہ شربت فوری تازگی اور توانائی کا احساس دلاتا ہے۔ اگر اس میں تھوڑا سا لیموں کا رس یا شہد شامل کر لیا جائے تو اس کا ذائقہ مزید اچھا ہو جاتا ہے اور یہ ایک بہترین قدرتی ہائیڈریٹنگ ڈرنک بن جاتا ہے جو ہر عمر کے افراد کے لیے فائدہ مند ہے۔
پان ربڑی فالو دہ
پان ربڑی فالو دہ ایک شاندار اور روایتی میٹھا ہے جو عید جیسے تہواروں کو مزید خاص بنا دیتا ہے۔ یہ مزیدار ڈیزرٹ ٹھنڈے دودھ، گاڑھی ربڑی، فالو دہ سیو، تخمِ ملنگا اور پان کے خوشبودار ذائقے سے تیار کیا جاتا ہے، جو اسے منفرد اور دلکش بناتا ہے۔
اس کی ٹھنڈی تاثیر گرمی کے موسم میں جسم کو سکون فراہم کرتی ہے جبکہ اس کی کریمی ساخت اور خوشبو دار ذائقہ ہر کسی کو اپنی طرف متوجہ کر لیتا ہے۔
عید کے پرمسرت مواقع پر یہ ڈیزرٹ نہ صرف دسترخوان کی خوبصورتی بڑھاتا ہے بلکہ کھانے کے بعد ایک فرحت بخش احساس بھی دیتا ہے۔ اگر اس میں پستہ، بادام یا کیوڑے کا ہلکا سا اضافہ کیا جائے تو اس کی لذت مزید بڑھ جاتی ہے اور یہ ایک یادگار میٹھا بن جاتا ہے۔
مینگو قلفی
مینگو قلفی ایک خوش ذائقہ اور ٹھنڈی میٹھی ڈش ہے جو خاص طور پر گرمیوں اور تہواروں کے موقع پر بے حد پسند کی جاتی ہے۔ یہ تازہ اور پکے ہوئے آم کے گودے، گاڑھے دودھ، کریم، چینی اور خشک میوہ جات جیسے پستہ اور بادام سے تیار کی جاتی ہے، جس سے اس کا ذائقہ نہایت بھرپور اور خوشبودار ہو جاتا ہے۔
عید کے پرمسرت موقع پر بھاری کھانوں کے بعد یہ قلفی نہ صرف میٹھے کی طلب پوری کرتی ہے بلکہ جسم کو ٹھنڈک اور سکون بھی فراہم کرتی ہے۔
اگر اس میں زعفران، الائچی یا آم کے چھوٹے ٹکڑے شامل کر دیے جائیں تو اس کی لذت اور بھی بڑھ جاتی ہے اور یہ ہر عمر کے افراد کے لیے ایک دلکش اور فرحت بخش میٹھی ڈش بن جاتی ہے۔
پودینہ اور کھیرے کا رائتہ
دہی، کدوکش کیے ہوئے کھیرے اور تازہ پودینے سے تیار کیا جانے والا رائتہ ایک نہایت سادہ مگر غذائیت سے بھرپور سائیڈ ڈش ہے جو خاص طور پر بریانی، کباب اور دیگر مصالحہ دار کھانوں کے ساتھ بہترین توازن پیدا کرتا ہے۔
اس میں موجود دہی معدے کو سکون دیتا ہے جبکہ کھیرے کی قدرتی ٹھنڈک جسم میں پانی کی کمی کو پورا کرنے میں مددگار ثابت ہوتی ہے۔ پودینہ نہ صرف خوشبو اور تازگی بڑھاتا ہے بلکہ ہاضمے کو بہتر بنانے میں بھی اہم کردار ادا کرتا ہے۔
عید جیسے تہواروں پر جب بھاری کھانے زیادہ کھائے جاتے ہیں تو یہ رائتہ جسم کو ہلکا رکھنے اور گرمی کے اثرات کم کرنے کے لیے ایک بہترین انتخاب ثابت ہوتا ہے۔
اگر اس میں بھنا ہوا زیرہ، چاٹ مصالحہ یا باریک کٹا دھنیا شامل کر لیا جائے تو اس کا ذائقہ مزید نکھر جاتا ہے اور یہ ہر دسترخوان کی لازمی ڈش بن جاتا ہے۔
اس کے علاوہ ماہرینِ صحت اس بات پر بھی زور دیتے ہیں کہ گرمی میں ڈی ہائیڈریشن سے بچنے کے لیے عام پانی کے ساتھ ساتھ پھلوں کے رس اور لسی کا استعمال بھی بڑھا دینا چاہیے۔
اگر آپ بھاری کھانوں کے ساتھ ان ہلکی اور ٹھنڈی ڈشز کو شامل کریں گے تو عید کی خوشیاں دوبالا ہو جائیں گی۔ عید کا اصل مزہ تب ہی آتا ہے جب لذیذ پکوانوں کے ساتھ صحت اور تازگی کا توازن برقرار رکھا جائے۔