فیفا ورلڈ کپ کی تیاریاں عروج پر، وارم اپ میچ میں میکسیکو کی گھانا کو 0-2 سے شکست

میچ میں میکسیکو کے برائن گٹیریز اور گولرمو نے ایک، ایک گول اسکور کرکے ٹیم کو کامیابی دلائی
شائع 23 مئ 2026 03:29pm

فٹبال ورلڈ کپ 2026 کی تیاریوں نے زور پکڑ لیا ہے، مختلف ٹیموں نے عالمی ایونٹ سے قبل اپنی حکمت عملی کو حتمی شکل دینا شروع کردی ہے۔ وارم اپ میچ میں میزبان میکسیکو نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے گھانا کو کو دو صفر سے شکست دے دی۔

میچ میں میکسیکو کی جانب سے برائن گٹیریز اور گولرمو نے ایک، ایک گول اسکور کرکے ٹیم کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔ دونوں کھلاڑیوں کی عمدہ کارکردگی کو شائقینِ فٹبال نے خوب سراہا، جبکہ کوچنگ اسٹاف نے بھی ٹیم کے مجموعی کھیل پر اطمینان کا اظہار کیا۔

میکسیکو نے میچ کا آغاز جارحانہ انداز میں کیا اور صرف دو منٹ بعد برائن گٹیریز نے باکس کے کنارے سے خوبصورت کِک پر گیند جال میں پہنچا کر ٹیم کو برتری دلا دی۔ پہلے ہاف میں نوجوان لیگا ایم ایکس اسٹار گل مورا نے بھی شاندار کھیل پیش کیا، تاہم ان کی کوشش گیند پوسٹ سے ٹکرا گئی، جبکہ الیکسس ویگا کا ہیڈر آف سائیڈ قرار دے دیا گیا۔

میکسیکو کے کوچ نے گل مورا کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک مختلف انداز کے کھلاڑی ہیں۔ ان کے مطابق مورا بہادر، سیدھے انداز میں کھیلنے والے اور ٹیم کے لیے خوشی کا باعث ہیں، خاص طور پر اس لیے کہ وہ انجری کے بعد بغیر تکلیف کے واپس آئے ہیں۔ مورا نے نومبر کے بعد میکسیکو کے لیے پہلی بار میدان میں واپسی کی ہے۔

دوسری جانب گھانا نے بھی دوسرے ہاف کے آغاز میں میچ برابر کرنے کی کوشش کی۔ حال ہی میں مقرر کیے گئے کوچ کارلوس کیروز ؎کی عدم موجودگی میں معاون کوچز نے ٹیم کی رہنمائی کی۔ گھانا نے میکسیکن گول کیپر کو دو اہم سیوز کرنے پر مجبور کیا جبکہ ایک موقع پر گیند کراس بار سے بھی ٹکرائی۔

دوسری جانب فٹبال ورلڈ کپ 2026 کی تیاریوں کے سلسلے میں ارجنٹائن نے بھی منفرد اقدام اٹھا لیا۔ ارجنٹائن حکومت نے قومی فٹبال ٹیم کے لیے خصوصی ائربس طیارہ تیار کرلیا ہے، جس میں ورلڈ کپ کے دوران اسکواڈ سفر کرے گا۔

خصوصی طیارے پر ٹیم کی شناخت کو نمایاں انداز میں پیش کیا گیا ہے، طیارے کی دم پر دس کا ہندسہ درج کیا گیا ہے جبکہ ارجنٹائن کے تین عالمی ٹائٹلز کی مناسبت سے تین اسٹارز بھی پینٹ کیے گئے ہیں۔

یہ خصوصی طیارہ کھلاڑیوں کو بہتر سفری سہولیات فراہم کرنے اور ٹیم کے مورال کو بلند رکھنے کے لیے تیار کیا گیا ہے۔

فٹبال کے عالمی میلے سے قبل مختلف ممالک کی جانب سے تیاریاں عروج پر پہنچ چکی ہیں اور شائقین بھی سنسنی خیز مقابلوں کے منتظر ہیں۔

Read Comments