اسرائیلی حراست سے رہائی کے بعد سعد ایدھی کراچی پہنچ گئے
اسرائیلی حراست سے رہائی کے بعد معروف سماجی کارکن سعد ایدھی کراچی پہنچ گئے، ایئرپورٹ پر ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ اس موقع پر کارکنوں اور شہریوں نے ان پر پھولوں کی پتیاں بھی نچھاور کیں۔
سعد ایدھی کو غزہ کے لیے امدادی سامان لے جانے والے فلوٹیلا مشن کے دوران اسرائیلی فوج نے حراست میں لیا تھا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سعد ایدھی نے بتایا کہ امدادی فلوٹیلا پر غزہ سے تقریباً دو سو ناٹیکل میل دور بین الاقوامی سمندر میں دھاوا بولا گیا۔
انہوں نے کہا کہ دورانِ حراست انہیں شدید مشکلات اور تشدد کا سامنا کرنا پڑا جبکہ کئی روز تک مختلف مقامات پر منتقل کیا جاتا رہا۔ سعد ایدھی کے مطابق قید کے دوران کھانے میں صرف ڈبل روٹی اور پانی دیا جاتا تھا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ احتجاجاً بھوک ہڑتال بھی کی گئی اور کئی دن صرف پانی پی کر گزارے۔ سعد ایدھی کا کہنا تھا کہ یہ مشن انسانیت اور مظلوم فلسطینیوں کی مدد کے لیے تھا۔
فیصل ایدھی نے اس موقع پر کہا کہ سعد ایدھی نے انسانیت کی خدمت اور فلسطینیوں کی آواز دنیا تک پہنچانے کے لیے یہ خطرناک مشن اختیار کیا۔
سابق سینیٹر مشتاق احمد خان نے کہا کہ حقیقی خوشی اُس وقت ہوگی جب فلسطینی قیدی بھی آزاد ہوں گے۔
یاد رہے کہ سعد ایدھی غزہ جانے والے امدادی قافلے میں شامل تھے، جسے اسرائیلی فورسز نے روک کر کارروائی کی تھی۔