فہد مصطفیٰ کا نیا انداز تنقید کی زد میں: مداحوں نے 'چھپری' قرار دے دیا
پاکستان شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار اور میزبان فہد مصطفیٰ اپنے منفرد فیشن اسٹائل کی وجہ سےایک بار پھر سوشل میڈیا پر موضوعِ بحث بن گئے ہیں۔
فہد مصطفیٰ نے اپنے انسٹاگرام پر ایک فِٹ چیک ویڈیو شیئر کی جس میں وہ بھورے اور سرمئی رنگ کے ڈھیلے ڈھالے اوور سائزڈ کوٹ، چوڑے پلِیٹڈ ٹراؤزرز اور لمبے بالوں کے ساتھ دکھائی دیے۔
تاہم، فہد مصطفیٰ کا یہ نیا اندازصارفین کی جانب سے شدید تنقید کا نشانہ بن رہا ہے اور ان کے مداح انہیں چھپری قرار دے رہے ہیں۔ سوشل میڈیا پر صارفین نے ان کے اس روپ پر مختلف اور سخت تبصرے کیے ہیں۔
ایک صارف نے لکھا کہ، وہ ہانیہ عامر کی طرح چھپری وائبز دے رہے ہیں۔
ایک اور صارف نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ، آپ پاکستان کو شرمندہ کر رہے ہیں، ہم پہلے ہی بین الاقوامی سطح پر بہت سی شرمندگیوں کا سامنا کر رہے ہیں، براہ کرم اس طرح کا لباس نہ پہنیں۔
ایک تبصرے میں یہ بھی کہا گیا کہ، وہ پختہ عمر کو پہنچنے کے بعد مزید جوکر بنتے جا رہے ہیں۔
کچھ مداحوں نے اداکار کے لمبے بالوں اور فیشن سینس پر حیرت کا اظہار کیا، جبکہ چند صارفین نے طنزیہ تبصرے کرتے ہوئے انہیں بھارتی گلوکار ہیمیش ریشمیا سے بھی تشبیہ دی۔
تنقید کا سلسلہ یہیں نہیں رکا ایک اور سوشل میڈیا صارف نے طنزیہ انداز میں لکھا کہ، براہ کرم اپنی بیوی کے کپڑے انہیں واپس کر دیں۔
دوسری جانب فہد مصطفیٰ کے مداحوں کی ایک بڑی تعداد نے ان کے اعتماد اور مختلف انداز اپنانے کی ہمت کو سراہا اور کہا کہ فنکاروں کو نئے تجربات کرنے کا حق حاصل ہے۔
فہد مصطفیٰ پاکستان ٹیلی ویژن اور فلم انڈسٹری کے ایک انتہائی مقبول اور جانے مانے اداکار ہیں، جو اپنی شاندار اداکاری اور گیم شو کی وجہ سے عوام میں بے حد پسند کیے جاتے ہیں۔ ان کے انسٹاگرام پر 43 لاکھ سے زائد فالوورز موجود ہیں۔
حال ہی میں انہیں ان کے بلاک بسٹر ڈرامے ’کبھی میں کبھی تم‘ اور فلم ’آگ لگے بستی میں‘ پر زبردست پذیرائی ملی تھی۔ اب وہ ایک بار پھر اپنی آنے والی ہارر فلم ’زومبیڈ‘ کے ذریعے سکرین پر جلوہ گر ہونے والے ہیں۔
ان دنوں فہد مصطفیٰ اپنی نئی فلم زومبیڈ کی پروموشن میں مصروف ہیں، جو اس عید الاضحیٰ پر ریلیز ہونے جا رہی ہے۔ اپنی فلم کی تشہیر کے لیے وہ روزانہ نئے اور منفرد انداز اپنا رہے ہیں۔