صدر ٹرمپ نے ایرانی کشتیوں کی تباہی کے مناظر پر مبنی اے آئی تصویر شیئر کردی
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے آج ایران اور امریکا جنگ سے متعلق ڈیل کے اعلان کرنے کا کہا تھا تاہم جنگی مناظر پر مبنی ایک اے آئی تصویر شیئر کرتے ہوئے انہوں نے ’الوداع‘ لکھ دیا ہے۔
اتوار کے روز اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے آرٹیفشل انٹیلی جنس (اے آئی) سے بنی جنگ کی ایک تصویر شیئر کی ہے، جس میں ایرانی کشتیوں کی تباہی کے مناظر دکھائے گئے ہیں۔
صدر ٹرمپ کی جانب سے شیئر کی گئی اے آئی تصویر کے کیپشن میں Adios لکھا گیا ہے جب کہ Adios ہسپانوی زبان کا لفظ ہے، جس کے معنی الوداع یا بائے بائے کے ہیں۔ اس پوسٹ کے بعد سوشل میڈیا پر مختلف تبصرے اور قیاس آرائیاں شروع ہوگئیں۔
خیال رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا تھا کہ وہ آج جنگ بندی سے متعلق اہم اعلان کریں گے۔ چوں کہ کل ہونے والی پیشرفت سے یہ لگ رہا تھا کہ صدر ٹرمپ اب ایران اور امریکا کے درمیان مثبت ڈیل کا اعلان کریں گے لہٰذا اس تصویر سے بظاہر یہ مطلب بھی اخذ کیا جاسکتا ہے کہ جنگ ختم ہوگئی ہے۔
یاد رہے کہ صدر ٹرمپ اس سے قبل بھی کہہ چکے ہیں کہ ایران کے ساتھ بیشتر معاملات طے پا چکے ہیں اور اتوار کے روز کوئی ڈیل ہو سکتی ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان نے امریکا اور ایران کے درمیان ڈیل کے لیے بھرپور سفارت کاری کی ہے، اس سلسلے میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ایران کا سرکاری دورہ بھی کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف بھی پرامید ہیں کہ پاکستان بہت جلد امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات کے دوسرے دور کی میزبانی کرےگا۔