کراچی میں پسند کی شادی کرنے والے میاں بیوی فائرنگ سے قتل
کراچی کے علاقے ملیر میں پسند کی شادی کرنے والے میاں بیوی کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا۔ پولیس کے مطابق نامعلوم ملزمان نے کار پر اندھا دھند فائرنگ کی۔
کراچی کے علاقے ملیر آر سی ڈی گراؤنڈ کے قریب نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے میاں بیوی جاں بحق ہو گئے۔ پولیس کے مطابق دونوں افراد کار میں سوار تھے جب ان پر حملہ کیا گیا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مقتول جوڑے نے پسند کی شادی کی تھی، جب کہ جاں بحق خاتون کی شناخت نادیہ کے نام سے ہوئی ہے، واقعے کے بعد پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور شواہد اکٹھے کرکے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
پولیس حکام کے مطابق مقتول میاں بیوی نے گھر والوں کی مرضی کے خلاف شادی کی تھی، مقتول جوڑے کے خلاف تھانہ سچل میں مقدمہ درج تھا، عدالت نے دفعہ 63 سی آر پی سی کے تحت ریلیف دیا تھا۔
بعدازاں، ملیر سعود آباد میں کار پر فائرنگ کی سی سی ٹی وی فوٹیج آج نیوز کو موصول ہوگئی، فوٹیج میں موٹر سائیکل سوار 2 افراد کو سفید رنگ کی کار پر فائرنگ کرتے دیکھا جا سکتا ہے، جنھوں نے انتہائی قریب سے فائرنگ کی۔
پولیس کے مطابق ملزمان نے پہلے عقب سے پھر کار کے دائیں جانب سے فائرنگ کی، ملزمان چلتی گاڑی پر گولیاں برسا کر با آسانی فرار ہو گئے۔
