پاکستان کے خلاف سیریز سے قبل آسٹریلوی کپتان باہر، اب ٹیم کی قیادت کون کرے گا؟
پاکستان کے خلاف ون ڈے سیریز سے قبل آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کو بڑا دھچکا لگ گیا ہے، آسٹریلوی کپتان مچل مارش ٹخنے کی انجری کے باعث سیریز سے باہر ہوگئے ہیں۔
کرکٹ آسٹریلیا نے مچل مارش کے پاکستان کے خلاف ون ڈے سیریز سے باہر ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ مچل مارش پاکستان کے خلاف تین میچوں کی ون ڈے سیریز میں شرکت نہیں کریں گے جب کہ ان کی جگہ وکٹ کیپر بیٹر جوش انگلس کو ٹیم کی قیادت سونپ دی گئی ہے۔
مچل مارش انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) میں لکھنؤ سپر جائنٹس کی نمائندگی کر رہے تھے تاہم وہ آخری میچ میں شرکت نہیں کرسکے تھے جب کہ مارش 19 مئی کو راجستھان رائلز کے خلاف میچ کے بعد آسٹریلیا واپس لوٹ گئے تھے اور انہیں پاکستان کے خلاف سیریز میں ٹیم کی قیادت کرنا تھی لیکن ٹخنے کی انجری کے باعث وہ پاکستان روانہ نہیں ہوئے۔
رپورٹس کے مطابق مارش کی بنگلہ دیش کے خلاف آئندہ ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی سیریز میں شرکت بھی تاحال غیر یقینی ہے۔ آسٹریلیا اور بنگلہ دیش کے درمیان ون ڈے سیریز 9 جون جب کہ ٹی ٹوئنٹی سیریز 17 جون سے شروع ہوگی۔
مچل مارش کی غیر موجودگی میں جوش انگلس کو کپتان مقرر کیا گیا ہے۔ مستقل کپتان پیٹ کمنز اور ٹریوس ہیڈ بھی آئی پی ایل پلے آف مرحلے میں مصروفیات کے باعث پاکستان کے دورے کا حصہ نہیں ہیں۔
آسٹریلوی اسکواڈ میں جوش ہیزل ووڈ اور مچل اسٹارک بھی شامل نہیں ہیں جب کہ کوپر کونولی، زیویئر بارٹلیٹ اور بین ڈوارشیس کو ابتدا میں آئی پی ایل پلے آف کے سبب پاکستان سیریز کے لیے منتخب نہیں کیا گیا تھا۔
مچل مارش حالیہ آئی پی ایل سیزن میں شاندار فارم میں تھے اور انہوں نے 13 میچوں میں 563 رنز بنائے۔ ان کا اسٹرائیک ریٹ 163.18 رہا جب کہ وہ ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے ساتویں بیٹر رہے۔
آسٹریلیا کی ٹیم اب پاکستان کے خلاف اوپننگ کمبی نیشن کے لیے نئے آپشنز پر غور کر رہی ہے۔ میتھیو شارٹ کے ساتھ ایک نئے اوپنر کو آزمایا جا سکتا ہے جب کہ ایلکس کیری کو بھی اوپر بیٹنگ کے لیے بھیجے جانے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تین ون ڈے میچز کی سیریز کا پہلا میچ 30 مئی کو راولپنڈی میں کھیلا جائے گا جب کہ دوسرا اور تیسرا میچ لاہور میں 2 اور 4 جون کو ہوگا۔
پاکستان کے خلاف آسٹریلوی اسکواڈ میں جوش انگلس (کپتان)، ایلکس کیری، ناتھن ایلس، کیمرون گرین، میتھیو کوہن مین، مارنس لبوشین، ریلی میریڈتھ، اولی پیک، میتھیو رینشا، تنویر سنگھا، لیام اسکاٹ، میتھیو شارٹ، بلی اسٹین لیک اور ایڈم زیمپا شامل ہیں۔