عیدالاضحیٰ کے دوران شدید ہیٹ ویو کا خدشہ، پی ڈی ایم اے کا الرٹ جاری
پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے عیدالاضحیٰ کی تعطیلات کے دوران صوبے بھر میں شدید ہیٹ ویو کے خدشے کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا ہے جب کہ شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق عیدالاضحیٰ کی تعطیلات کے دوران پنجاب کے بیشتر اضلاع میں درجہ حرارت معمول سے 4 سے 7 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہنے کا امکان ہے۔
لاہور، راولپنڈی، گجرانوالہ، فیصل آباد اور سیالکوٹ سمیت مختلف شہروں میں درجہ حرارت 42 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے جب کہ ملتان، ڈیرہ غازی خان، بہاولپور، رحیم یار خان، سرگودھا اور جھنگ سمیت جنوبی و وسطی پنجاب کے مختلف اضلاع میں پارہ 50 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق ہیٹ ویو کے دوران رات کے اوقات میں بھی گرمی کی شدت برقرار رہ سکتی ہے۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے عمر جاوید نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ صبح 10 بجے سے شام 5 بجے تک غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے گریز کریں اور زیادہ سے زیادہ پانی اور مشروبات کا استعمال کریں۔
انہوں نے کہا کہ شہری ہلکے رنگ کے سوتی اور ہوا دار کپڑے پہنیں جبکہ باہر نکلتے وقت سر کو ٹوپی یا چھتری سے ڈھانپیں۔ والدین کو ہدایت کی گئی ہے کہ شدید گرمی کے دوران بچوں اور بزرگوں کو گھروں کے اندر رکھیں۔
پی ڈی ایم اے نے سفر سے قبل گاڑیوں کے ٹائروں کا پریشر اور ریڈی ایٹر میں پانی کی سطح چیک کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔ ادارے کے مطابق پانی کی قلت سے بچنے کے لیے پانی کا محتاط استعمال یقینی بنایا جائے۔
ترجمان پی ڈی ایم اے نے شہریوں سے اپیل کی کہ شدید گرمی کے باعث پرندوں اور جانوروں کے لیے بھی پانی کا انتظام کیا جائے۔ عیدالاضحیٰ کے دوران قصابوں، مویشی تاجروں اور صفائی عملے کو خصوصی احتیاط برتنے کی ہدایت کی گئی ہے جب کہ مویشیوں کو گرمی سے بچانے کے لیے انہیں وقفے وقفے سے پانی پلانے اور پانی کا چھڑکاؤ کرنے کی تاکید کی گئی ہے۔