وزیراعظم کی ترک صدر سے گفتگو، خطے میں امن کے فروغ کے لیے تعاون جاری رکھنے پر اتفاق
وزیراعظم شہباز شریف کی ترک صدر رجب طیب اردوان سے ٹیلی فونک گفتگو ہوئی، جس میں دونوں رہنماؤں کے درمیان خطے میں امن کے فروغ کے لیے تعاون جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔
منگل کو وزیراعظم شہباز شریف اور ترکیہ کے صدر رجب طیب ایردوان کے درمیان عید الاضحیٰ کے پُرمسرت موقع پر ٹیلی فونک گفتگو ہوئی جب کہ دونوں رہنماؤں کے درمیان ہونے والی گفتگو انتہائی خوشگوار ماحول میں ہوئی۔
وزیراعظم نے ترک قیادت اور عوام کو عیدالاضحیٰ کی مبارکباد پیش کی، جس کا صدر اردوان نے نہایت خلوص کے ساتھ جواب دیا۔ دونوں رہنماؤں نے گزشتہ ملاقاتوں، خصوصاً اپریل میں انطالیہ میں ہونے والی ملاقات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان تاریخی اور برادرانہ تعلقات مزید مضبوط ہوئے ہیں۔
گفتگو کے دوران خطے کی مجموعی صورت حال، امن کوششوں اور دیگر اہم امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور ترکیہ کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری اور علاقائی روابط کے شعبوں میں تعاون مزید تیز کرنے پر اتفاق کیا۔
دونوں ممالک نے اس بات پر بھی زور دیا کہ دوطرفہ فیصلوں پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے تاکہ اقتصادی اور اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید فروغ دیا جا سکے۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے پاکستان کی امن کوششوں کے لیے ترکیہ کی مسلسل اور مضبوط حمایت پر صدر اردوان کا شکریہ ادا کیا جب کہ دونوں رہنماؤں نے خطے میں مذاکرات، استحکام اور کشیدگی میں کمی کے لیے تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔
ترک صدر رجب طیب اردوان نے 24 مئی کو بلوچستان میں ٹرین بم دھماکے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور دہشت گردی کے خلاف پاکستان کے ساتھ مکمل یکجہتی کا یقین دلایا۔
وزیراعظم نے ترک صدر کی ہمدردی اور حمایت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہر قسم کی دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں جاری رکھے گا۔
وزیراعظم کا عیدالاضحیٰ پر قوم کے نام پر پیغام
دوسری جانب وزیراعظم محمد شہباز شریف نے عیدالاضحیٰ پر قوم کے نام پر پیغام میں کہا ہے کہ عیدالاضحیٰ کے بابرکت موقع پر میں تمام اہل وطن اوراُمتِ کو دل کی گہرائیوں سےعید کی مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
شہباز شریف نے کہا کہ ہمیں اللہ تعالیٰ اس مذہبی تہوار کی خوشیوں وقربانی کی حقیقی روح سے بہرہ مند فرمائے، یہ عید ہمیں سنت ابراہیمی کی یاد دلاتی ہے جو حضرت ابراہیم علیہ السلام اورحضرت اسماعیل علیہ السلام کی بے مثال اطاعت و فرمانبرداری کا روشن استعارہ ہے، یہ مقدس سنت ہمیں اعلی اورمقدس مقصد کے لیے اپنی جان، خواہشات اور مفادات قربان کردینا ہی اصل میں ایمان کی معراج اور اہل وفا کا طرۂ امتیاز ہے۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ قربانی کا جذبہ ہمیں خود غرضی سے بالاترہوکرہمدردی کا درس دیتا ہے، ملکی دفاع میں شہداء کی قربانی ہمارا قومی فخرہے، جذبہ ایثار ہی قوموں کی زندگی میں پائیدار ترقی کا ضامن ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے مظلوم فلسطینی اورکشمیری بہن بھائیوں کے ساتھ اظہاریکجہتی کرنا ہے، اللہ تعالی عید کے موقع پر دنیا کو امن اور ہم آہنگی کا گہوارہ بنائے، آمین ، عیدالاضحیٰ مبارک!