کراچی پورٹ کے قریب 2 بحری جہاز آپس میں ٹکرا گئے

حادثے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، واقعے کے بعد متعلقہ حکام نے تحقیقات شروع کردیں۔
شائع 29 مئ 2026 05:00pm

کراچی بندرگاہ کے قریب 2 بحری جہازوں کے درمیان تصادم کا واقعہ پیش آیا تاہم حادثے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا جب کہ واقعے کے بعد متعلقہ حکام نے تحقیقات شروع کردی ہیں۔

ذرائع کے مطابق گزشتہ روز رات 7 بج کر 55 منٹ پر کراچی پورٹ کے قریب 2 بحری جہاز آپس میں ٹکرا گئے۔ حادثہ اس وقت پیش آیا جب ایم وی پاپو برتھ نمبر 8 اور 9 سے روانہ ہو رہا تھا کہ اس کی ٹکر کیبل بچھانے والے جہاز ایم وی نیوا سے ہوگئی جب کہ حادثے کے وقت ایم وی نیوا پائلٹ کے انتظار میں تھا اور آہستہ رفتار سے چینل کی جانب بڑھ رہا تھا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ تصادم کے نتیجے میں سی ایس نیوا کے اگلے حصے کو نقصان پہنچا تاہم حادثے کی اطلاع ملتے ہی کے پی او سی نے فوری طور پر چار ٹگس روانہ کیے جنہوں نے ایم وی نیوا کی مدد کی۔

بعد ازاں متاثرہ جہاز ایم وی نیوا کو بحفاظت برتھ نمبر 5 پر منتقل کردیا گیا جب کہ ایم وی پاپو نے پورٹ کنٹرول کو آگاہ کیا کہ وہ مستحکم ہے اور اپنے انجن پر رواں دواں ہے۔

ذرائع کے مطابق دونوں جہاز حادثاتی طور پر آپس میں ٹکرائے، واقعے میں کسی قسم کا جانی نقصان رپورٹ نہیں ہوا۔ متعلقہ حکام نے واقعے کی مزید تحقیقات اور ضروری کارروائی شروع کردی ہے۔

Read Comments