73 سالہ روایت ٹوٹ گئی، مس فرانس نے مس یونیورس 2026 سے علیحدگی اختیار کر لی

مس یونیورس انتظامیہ کا ردِعمل بھی سامنے آگیا۔
شائع 30 مئ 2026 09:19am

مس یونیورس 2026 کے مقابلے کی تاریخوں کا ابھی اعلان نہیں ہوا لیکن اس حوالے سے ایک نیا تنازع کھڑا ہو گیا ہے۔ مس فرانس کمپنی نے اعلان کیا ہے کہ وہ سات دہائیوں تک اس مقابلے میں حصہ لینے کے بعد اب مس یونیورس 2026 میں شرکت نہیں کرے گی۔

فرانس 1952 سے مسلسل اس عالمی مقابلۂ حسن کا حصہ رہا ہے، تاہم پہلی بار 73 برس بعد اس کی نمائندہ اس ایونٹ میں شریک نہیں ہوگی۔

مس فرانس کمپنی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام پر ایک بیان میں کہا کہ ہم مس یونیورس 2026 کے مقابلے میں حصہ نہ لینے کا اعلان کرتے ہیں۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ، یہ فیصلہ مس فرانس کی شناخت اور اقدار پر قائم رہنے کی خواہش کا نتیجہ ہے جو اب مس یونیورس کی موجودہ سمت سے میل نہیں کھاتے۔ خاص طور پر 2025 کے مقابلے میں دیکھی جانے والی متعدد خامیوں اور بدانتظامی کے بعد یہ قدم اٹھایا گیا ہے۔

بیان میں مزید واضح کیا گیا کہ یہ فیصلہ صرف آنے والے ایک مقابلے کے لیے کیا گیا ہے۔ مس فرانس کی تنظیم مستقبل میں ہونے والی تبدیلیوں پر نظر رکھے گی اور امید کرتی ہے کہ وہ مستقبل قریب میں دوبارہ اس کا حصہ بن سکے گی۔

مس فرانس تنظیم کے صدر فریڈرک گلبرٹ نے اس بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ مس یونیورس ہمیشہ فرانس کو عالمی سطح پر متعارف کرانے کا ایک اہم پلیٹ فارم رہا ہے، تاہم ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم مس فرانس کی شناخت اور اپنی اقدار کے ساتھ سچے رہیں۔ آج کا فیصلہ اسی عزم کو ظاہر کرتا ہے اور ہم مستقبل کے حالات کا قریب سے جائزہ لیتے رہیں گے۔

اس خبر کے سامنے آنے کے بعد انٹرنیٹ پر لوگوں نے مختلف تبصرے کیے۔ ایک صارف نے مشورہ دیا کہ مس وینزویلا اور مس فلپائن سمیت دیگر ممالک کی تنظیموں کو بھی فرانس کی پیروی کرنی چاہیے۔

ایک صارف نے اسے بہترین فیصلہ قرار دیا۔ ایک صارف کا کہنا تھا کہ یہ فیصلہ اس لیے بھی بہت اہمیت کا حامل ہے کیونکہ فرانس نے آج تک مس یونیورس کے ہر مقابلے میں حصہ لیا ہے۔

ایک اور صارف نے لکھا کہ جس دن مس یونیورس تنظیم دوبارہ فرانس کی اقدار اور معیار کے مطابق کام کرے گی، شاید اس دن فرانس اس مقابلے میں پوری طرح واپس آ جائے۔


ادھر مس یونیورس آرگنائزیشن نے بھی ردعمل دیتے ہوئے تصدیق کی کہ فرانس کے لیے 2026 کے سائیکل میں ایک نیا انتظامی ڈھانچہ متعارف کرایا جا رہا ہے۔ تنظیم کے مطابق اب مس یونیورس فرانس کے پلیٹ فارم کی نگرانی اور فروغ براہِ راست عالمی ادارہ کرے گا تاکہ بین الاقوامی معیار اور پیشہ ورانہ نظام کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔

یاد رہے کہ مس یونیورس 2025 بھی مختلف تنازعات اور انتظامی مسائل کے باعث خبروں میں رہی تھی، جس کے اثرات اب 2026 کے مقابلے پر بھی نمایاں دکھائی دے رہے ہیں۔ بیان میں یہ بھی کہا گیا کہ یہ نیا قدم آنے والی نسل کی فرانسیسی خواتین کو بین الاقوامی سطح پر بااختیار بنانے کے لیے ایک اہم اور پرجوش پیش رفت ہے۔

سال 2025 کے مقابلے میں ہونے والے تنازعات، ججوں کے چھوڑ جانے اور دیگر مسائل کے پیش نظر، اب یہ دیکھنا کافی دلچسپ ہو گا کہ نومبر 2026 میں مس یونیورس کے باقاعدہ انعقاد تک مزید کیا کچھ سامنے آتا ہے۔

Read Comments