امریکا اور پاکستان کے درمیان حقیقی دوستی فروغ پا رہی ہے: امریکی وزیرِ جنگ

پیٹ ہیگستھ نے ایران جنگ کے خاتمے کی کوششوں میں پاکستانی قیادت کے کردار کو سراہا
شائع 30 مئ 2026 07:40pm

امریکی وزیرِ جنگ پیٹ ہیگستھ نے پاکستان اور امریکا کے تعلقات میں مثبت پیش رفت کا اشارہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان حقیقی دوستی پروان چڑھ رہی ہے۔ انہوں نے ایران جنگ کے خاتمے کے لیے ثالثی کوششوں پر فیلڈ مارشل عاصم منیر اور وزیر اعظم شہبازشریف کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

امریکی وزیرِ جنگ پیٹ ہیگستھ نے کہا ہے کہ واشنگٹن اور اسلام آباد کے درمیان تعلقات ایک نئے مرحلے میں داخل ہو رہے ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان حقیقی دوستی اُبھر کر سامنے آ رہی ہے۔

انہوں نے یہ ریمارکس سنگاپور میں منعقدہ سیکیورٹی سمٹ ’شنگریلا ڈائیلاگ‘ کے دوران اپنے خطاب کے بعد سوال و جواب کے سیشن میں دیے، جسے بعد ازاں سمٹ کے منتظم ادارے انٹرنیشنل انسٹیٹیوٹ فار اسٹریٹیجک اسٹڈیز (آئی آئی ایس ایس) کی جانب سے جاری کیا گیا۔

پیٹ ہیگستھ نے پاکستان کی عسکری اور سیاسی قیادت کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر اور وزیر اعظم شہباز شریف نے ایران جنگ کے خاتمے اور امن مذاکرات کی کوششوں میں اہم کردار ادا کیا۔

پیٹ ہیگسیتھ کا کہنا تھا پاکستان اور امریکا کے تعلقات میں حالیہ پیش رفت غیر متوقع مگر خوش آئند تبدیلی ہے، جس نے دونوں ممالک کے درمیان اعتماد اور تعاون کو نئی روح دی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس بڑھتے ہوئے تعلق کا اظہار اس بات سے بھی ہوتا ہے کہ گزشتہ سال بھارت اور پاکستان نے کشیدگی کے دوران امن کے لیے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ثالثی کی کوششوں کو قبول کیا۔ پیٹ ہیگستھ نے اس پیش رفت کو پاکستان اور امریکا کے درمیان مضبوط ہوتے روابط کی علامت قرار دیا۔

ان کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب خطے میں سلامتی، ایران جنگ کے مستقل خاتمے سے متعلق صورت حال اور جنوبی ایشیا میں استحکام کے حوالے سے سفارتی سرگرمیاں تیزی سے جاری ہیں۔

پاکستان اور امریکا کے تعلقات گزشتہ برسوں میں مختلف اتار چڑھاؤ سے گزرے ہیں، تاہم ایران جنگ میں پاکستان کی جانب سے ثالثی کی کوششوں کے بعد سے دونوں ممالک کے درمیان روابط میں واضح بہتری نظر آرہی ہے۔

Read Comments