ترکیہ میں مشہور امریکی ریپر کے کنسرٹ میں شائقین کا سمندر، ریکارڈ شرکت کا دعویٰ

کنسرٹ میں 1 لاکھ 18 ہزار سے زائد مداحوں نے شرکت کی۔
شائع 31 مئ 2026 02:35pm

ترکیہ کے تاریخی اور خوبصورت شہر استنبول میں مشہور امریکی ریپر اور متعدد گریمی ایوارڈزیافتہ کانئیے ویسٹ نے اپنی شاندار پرفارمنس سے ایک نئی تاریخ رقم کر دی ہے۔

یہ عظیم الشان موسیقی کا پروگرام استنبول کے مشہور ’اتاترک اولمپک اسٹیڈیم‘ میں منعقد کیا گیا، جو کہ فٹبال کے بڑے بین الاقوامی مقابلوں اور ایونٹس کی میزبانی کے لیے عالمی سطح پر جانا جاتا ہے۔

اس کنسرٹ میں 1 لاکھ 18 ہزار سے زائد مداحوں نے شرکت کی۔ حاضرین میں صرف ترکیہ کے مقامی افراد ہی نہیں بلکہ روس، قازقستان، برطانیہ، جرمنی، پولینڈ اور خود امریکا سے سفر کر کے آنے والے پرجوش مداح بھی شامل تھے۔

اتنی بڑی تعداد میں غیر ملکیوں کی آمد نےاس بین الاقوامی اجتماع نے ایونٹ کو عالمی سطح پر غیرمعمولی توجہ دلائی۔

رات بھر جاری رہنے والے اس رنگا رنگ پروگرام میں صرف گائیکی ہی نہیں بلکہ جدید ترین لیزر لائٹ شوز، سحر انگیز موسیقی اور شاندار ویژول ایفیکٹس کا بھی استعمال کیا گیا، جس نے حاضرین پر سحر طاری کر دیا۔

حاضرین کا جوش و خروش اس وقت اپنے عروج پر پہنچ گیا جب ایک اور معروف امریکی ریپر ٹریوس اسکاٹ نے بھی اسٹیج پر انٹری دی اور اپنی شاندار پرفارمنس سے محفل کو چار چاند لگا دیے۔

ان دونوں عالمی شہرت یافتہ فنکاروں کو ایک ساتھ اسٹیج پر پرفارم کرتے دیکھنا مداحوں کے لیے کسی ناقابلِ فراموش تجربے سے کم نہ تھا۔

کنسرٹ کے عروج پر کانئیے ویسٹ نے اسٹیج سے مداحوں سے براہِ راست گفتگو کی۔ انہوں نے اس بے مثال محبت اور زبردست شرکت پر حاضرین کا شکریہ ادا کرتے ہوئےدعویٰ کیا کہ 1 لاکھ 18 ہزار افراد کی شرکت نے میوزک کنسرٹس کی تاریخ میں ایک نیا ورلڈ ریکارڈ قائم کر دیا ہے۔

اتنی بڑی تعداد میں مداحوں کی شرکت نہ صرف کانئیے ویسٹ کی عالمی مقبولیت کا ثبوت ہے بلکہ یہ ترکیہ کو بین الاقوامی تفریحی تقریبات کے ایک اہم مرکز کے طور پر بھی نمایاں کرتی ہے۔

Read Comments