سعودی عرب نے نئے عمرہ سیزن کے لیے ویزوں کا اجرا شروع کر دیا
سعودی عرب نے نئے عمرہ سیزن کے لیے ویزا درخواستوں کا اجرا شروع کر دیا ہے۔ وزارتِ حج و عمرہ کے مطابق رواں سال کے حج سیزن کے اختتام کے بعد، دنیا بھر سے آنے والے عمرہ زائرین کی سعودی عرب آمد کا سلسلہ اتوار سے شروع ہوچکا ہے۔
وزارتِ حج و عمرہ نے بتایا کہ نئے عمرہ سیزن کے دوران عمرہ ویزوں کا اجرا 9 مارچ 2027 تک جاری رہے گا، جو یکم شوال 1448 ہجری کے مطابق ہے۔ اس کے بعد عمرہ ویزے جاری نہیں کیے جائیں گے۔ بین الاقوامی زائرین 23 مارچ 2027 تک سعودی عرب میں داخل ہو سکیں گے، جبکہ تمام عمرہ زائرین کے لیے 7 اپریل 2027 تک مملکت سے روانگی لازمی ہوگی۔
حکام کے مطابق عمرہ زائرین اب سعودی حکومت کی ”نُسک“ ایپلی کیشن کے ذریعے مکہ مکرمہ میں داخلے اور عمرہ پرمٹ حاصل کر سکیں گے۔ یہ پلیٹ فارم عمرہ اور حج سے متعلق اجازت ناموں، بکنگ، رہنمائی اور دیگر خدمات کے لیے ایک مرکزی ڈیجیٹل نظام کے طور پر کام کرتا ہے۔
سعودی عرب نے گزشتہ چند برسوں کے دوران عمرہ خدمات میں ڈیجیٹل نظام کو تیزی سے فروغ دیا ہے۔ نسک پلیٹ فارم کے ذریعے الیکٹرانک پرمٹس، خودکار معاہداتی طریقہ کار اور کیو آر کوڈ کی تصدیق جیسے جدید نظام متعارف کرائے گئے ہیں تاکہ زائرین کو زیادہ آسان اور منظم سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
سعودی حکومت وژن 2030 کے تحت عمرہ اور حج کے شعبے میں مزید بہتری کے لیے ٹرانسپورٹ، رہائش اور دیگر بنیادی سہولیات کے منصوبوں پر بھی کام کر رہی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ ان اقدامات کا مقصد مستقبل میں بڑھتی ہوئی تعداد میں آنے والے زائرین کو بہتر خدمات فراہم کرنا اور ان کے سفر کو مزید آسان بنانا ہے۔