بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں، 17 دہشت گرد ہلاک

ہلاک دہشت گردوں کا تعلق فتنہ الہندوستان سے تھا۔
شائع 02 جون 2026 08:29pm

بلوچستان کے مختلف اضلاع میں سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بنیادوں پر کارروائیاں کرتے ہوئے 17 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ہلاک دہشت گردوں کا تعلق فتنہ الہندوستان سے تھا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے مختلف علاقوں میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز (آئی بی اوز) اور کارروائیاں کیں، جن کے دوران 17 دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق مستونگ، نوشکی، زہری، خضدار اور کیچ میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاعات پر کارروائیاں کی گئیں۔ مختلف مقامات پر فائرنگ کے تبادلوں میں فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے 17 دہشت گرد مارے گئے۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ، بارودی مواد اور تیار شدہ دیسی ساختہ بم (آئی ای ڈیز) بھی برآمد کیے گئے ہیں۔ سیکیورٹی اداروں کا کہنا ہے کہ مارے جانے والے دہشت گرد مختلف دہشت گرد کارروائیوں میں ملوث تھے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق متاثرہ علاقوں میں کلیئرنس اور سینیٹائزیشن آپریشنز جاری ہیں تاکہ کسی بھی ممکنہ دہشت گرد کی موجودگی کا خاتمہ یقینی بنایا جا سکے۔

ترجمان پاک فوج نے کہا کہ عزمِ استحکام کے تحت ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔ بیان میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ پاکستان سے بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا۔

Read Comments