خیبرپختونخوا: سیکیورٹی فورسز کی 2 کارروائیوں میں بھارتی حمایت یافتہ 4 دہشت گرد ہلاک
سیکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا میں 2 مختلف کارروائیوں کے دوران بھارتی حمایت یافتہ فتنہ الخوارج کے 4 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا ہے جب کہ مارے گئے خوارج کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) 3 اور 4 جون کی درمیانی شب خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں ڈیرہ اسماعیل خان اور ضلع مہمند میں سیکیورٹی فورسز نے 2 الگ الگ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کیے، خفیہ اطلاعات پر کیے گئے ان آپریشنز میں بھارتی اسپانسرڈ فتنہ الخوارج کے 4 دہشت گرد مارے گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے ڈیرہ اسماعیل خان میں خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلی جنس بنیادوں پر آپریشن کیا، آپریشن کے دوران خوارج کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا تاہم شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد فتنہ الخوارج کے 2 دہشت گرد ہلاک کردیے گئے۔
اس کے علاوہ ایک اور انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن ضلع مہمند میں کیا گیا، جہاں سیکیورٹی فورسز نے مہارت کے ساتھ کارروائی کرتے ہوئے مزید 2 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا، یہ دہشت گرد علاقے میں متعدد دہشت گردانہ سرگرمیوں میں ملوث تھے جب کہ علاقے میں موجود کسی بھی ممکنہ دہشت گرد کے خاتمے کے لیے کلیئرنس اور سرچ آپریشن جاری ہے۔
دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کے خلاف مؤثر کارروائی قابلِ ستائش ہیں، دہشت گردی کے ناسور کے مکمل خاتمے تک سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارروائیاں جاری رہیں گی۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ قوم اپنی بہادر مسلح افواج اور سیکیورٹی اداروں کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے، پاکستان کے امن، استحکام اور سلامتی کے خلاف ہر سازش کو ناکام بنائیں گے، دہشت گرد عناصر اور ان کے سہولت کاروں کے لیے پاکستان میں کوئی جگہ نہیں، ’’عزمِ استحکام‘‘ کے تحت دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے حکومت اور سیکیورٹی ادارے پرعزم ہیں پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنی سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
