ارجنٹائن فینز کے لیے اچھی خبر: انجرڈ میسی کی فٹنس میں نمایاں بہتری
ارجنٹائن فٹبال ٹیم کے ہیڈ کوچ لیونل اسکیلونی نے کہا ہے کہ ہیمسٹرنگ انجری کا شکار اسٹار فٹبالر لیونل میسی تیزی سے صحت یاب ہو رہے ہیں اور ورلڈ کپ سے قبل کھیلے جانے والے دونوں دوستانہ میچوں میں شرکت کر سکتے ہیں۔ ارجنٹائن اپنا پہلا وارم اپ میچ اتوار کو پاکستانی وقت کے مطابق صبح 5 بجے ہونڈوراس کے خلاف ٹیکساس میں کھیلے گی۔
ارجنٹائن کے ہیڈ کوچ لیونل اسکیلونی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فینز کو خوش خبری دی ہے کہ لیونل میسی کی حالت پہلے سے کافی بہتر ہے اور وہ ٹیم کے ساتھ پریکٹس سیشنز میں بھی شریک ہورہے ہیں۔
38 سالہ لیونل میسی 25 مئی کو اپنے کلب انٹر میامی کے لیے آخری میچ کھیلتے ہوئے بائیں ہیم اسٹرنگ میں تکلیف کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
کوچ کے مطابق اس بات کا قوی امکان ہے کہ فینز لیونل میسی کو ورلڈ کپ سے قبل کھیلے جانے والے دو دوستانہ میچوں میں سے کسی ایک میں محدود وقت کے لیے ایکشن میں دیکھیں گے۔
میسی اپنی ٹیم کو جوائن کرچکے ہیں جو اس وقت ورلڈ کپ کی تیاریوں میں مصروف ہے۔ ارجنٹائن پاکستانی وقت کے مطابق اتوار کی صبح 5 بجے امریکی ریاست ٹیکساس میں ہونڈوراس کے خلاف دوستانہ میچ کھیلے گی، جبکہ دوسرا وارم اپ میچ بدھ کے روز صبح ساڑھے 5 بجے الاباما میں آئس لینڈ کے خلاف کھیلا جائے گا۔
دوسری جانب ارجنٹائن کے کھلاڑی لیانڈرو پریڈیس، ناہویل مولینا، نِکو پاز اور گونزالو مونٹیئل بھی انجری کے باعث بحالی کے عمل سے گزر رہے ہیں اور اس وقت مرکزی اسکواڈ سے الگ ٹریننگ کر رہے ہیں۔
اس حوالے سے اسکیلونی نے کہا کہ جب ورلڈ کپ اسکواڈ کا اعلان کیا گیا تھا تو ٹیم انتظامیہ ان کھلاڑیوں کی فٹنس سے آگاہ تھی۔ ان کے مطابق تمام کھلاڑی بہتری کی جانب گامزن ہیں، تاہم غیر ضروری خطرہ مول لینے سے گریز کیا جائے گا۔
انہوں نے واضح کیا کہ ان زخمی کھلاڑیوں کو ابتدائی دوستانہ میچ میں نہیں کھلایا جائے گا، جبکہ اگلے میچ میں کسی ایک کھلاڑی کی شرکت کا امکان موجود ہے۔
ارجنٹائن کے کوچ نے یہ بھی واضح کیا کہ اگر ورلڈ کپ اسکواڈ میں شامل کوئی کھلاڑی مکمل فٹ نہ ہوا تو اسے آخری لمحات میں بھی ٹیم سے باہر کیا جا سکتا ہے۔ اسکیلونی کے مطابق کسی کھلاڑی کو ورلڈ کپ اسکواڈ سے باہر کرنا یقیناً تکلیف دہ ہوگا، لیکن ٹیم کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے فیصلہ کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ ارجنٹائن اس ورلڈکپ میں اپنے اعزاز کے دفاع کے لیے میدان میں اترے گی اور 16 جون کو کنساس سٹی میں الجزائر کے خلاف پہلا میچ کھیلے گی۔ گروپ جے میں شامل ارجنٹائن کو آسٹریا اور اردن کا بھی سامنا کرنا ہوگا۔