ٹک ٹاکر ندیم نانی والا کے خلاف ایک اور مقدمہ درج
لاہور میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر معروف ٹک ٹاکر ندیم مبارک عرف ”نانی والا“ کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق مقدمہ تھانہ ڈیفنس سی میں درج کیا گیا، جس میں غفلت اور لاپرواہی سے گاڑی چلانے کے الزامات شامل ہیں۔
ایف آئی آر کے متن کے مطابق ٹریفک اہلکاروں نے ایک اپلائیڈ فار لگژری گاڑی کو رکنے کا اشارہ کیا، تاہم ڈرائیور نے گاڑی روکنے کے بجائے تیز رفتاری سے آگے بڑھا دی اور ون وے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے موقع سے نکلنے کی کوشش کی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کے دوران سرکاری فرائض کی انجام دہی میں مداخلت اور اہلکاروں کو دھمکانے کے الزامات بھی سامنے آئے ہیں، جس کے بعد مقدمہ تعزیراتِ پاکستان کی دفعات 279، 186 اور 189 کے تحت درج کیا گیا۔
واضح رہے کہ لاہور ٹریفک پولیس کی جانب سے شہر بھر میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف خصوصی کریک ڈاؤن جاری ہے۔
حکام کے مطابق بغیر نمبر پلیٹ، ”اپلائیڈ فار“ اور غیر معیاری نمبر پلیٹس والی گاڑیوں کے خلاف کارروائیاں تیز کر دی گئی ہیں۔
ٹریفک پولیس نے واضح کیا ہے کہ قانون شکنی کے مرتکب افراد کے ساتھ کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی اور بلاامتیاز کارروائی کا سلسلہ جاری رہے گا۔