شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کی بڑی کارروائی، 27 دہشت گرد ہلاک

ممتاز شخصیت شہید ملک سیف اللہ داوڑ کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث عناصر بھی کیفر کردار کو پہنچ گئے ہیں: آئی ایس پی آر
اپ ڈیٹ 07 جون 2026 11:35pm

سیکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان میں بڑی کارروائی کے دوران بھارتی حمایت یافتہ 27 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا ہے جب کہ ممتاز شخصیت شہید ملک سیف اللہ داوڑ کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث عناصر بھی کیفر کردار کو پہنچ گئے ہیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) سے جاری بیان کے مطابق سیکیورٹی فورسز کی خوارج کے متعدد ٹھکانوں پر انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیاں جاری ہیں، سیکورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے علاقے میران شاہ میں خوارج کے متعدد ٹھکانوں کونشانہ بنایا۔

ان کارروائیوں کے دوران سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، فائرنگ کے تبادلے کے بعد گزشتہ 72 گھنٹوں میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 27 خوارج کو ہلاک کردیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق مارے گئے بھارتی اسپانسرڈ دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا، ہلاک ہونے والے دہشت گرد معصوم شہریوں کے قتل اور دہشت گردی کی مختلف سرگرمیوں میں ملوث تھے۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ ہلاک ہونے والے خوارج میں میران شاہ میں ممتاز شخصیت شہید ملک سیف اللہ داوڑ کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث عناصر بھی شامل تھے، اس کارروائی سے شہید ملک سیف اللہ داوڑ کی شہادت کا بدلہ لیا گیا اور مجرموں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا گیا۔

ترجمان پاک فوج نے بتایا کہ علاقے میں چھپے ہوئے مزید دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس اور سرچ آپریشنز جاری ہیں، سیکورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے آپریشن ”عزمِ استحکام“ کے تحت دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں اور پاکستان سےغیرملکی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کیلئے پرعزم ہیں۔

وزیراعظم، صدر، وزیر داخلہ کا خراج تحسین

وزیراعظم شہباز شریف نے شمالی وزیرستان میں کامیاب آپریشنز اور گزشتہ 72 گھنٹوں میں 27 دہشت گردوں کی ہلاکت پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ قوم کو اپنے بہادر سیکیورٹی فورسز کے جوانوں پر فخر ہے، فتنۃ الخوارج کے ناپاک عزائم ہر قیمت پر ناکام بنائیں گے جب کہ شہباز شریف نے شہید ملک سیف کے قاتلوں کو انجام تک پہنچانے پر اطمینان کا اظہار کیا۔

صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے بھی شمالی وزیرستان میں کامیاب کارروائیوں پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا اور سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا ہے۔

صدرِ مملکت نے کہا کہ شہید ملک سیف اللّہ داوڑ کے قاتلوں کے خلاف کامیاب کارروائی ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ نے بھی شمالی وزیرستان میں کامیاب آپریشنز پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا اور دہشت گردوں کی ہلاکت پر سیکیورٹی فورسز کی صلاحیتوں کو سراہا ہے۔

محسن نقوی نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز نے خوارجیوں کےناپاک عزائم کوخاک میں ملایا۔

Read Comments