فلپائن میں خوفناک زلزلہ، عمارتیں منہدم، سونامی وارننگ جاری
فلپائن کے جنوبی جزیرے منڈاناؤ میں 7.8 شدت کے طاقتور زلزلے نے خوف و ہراس پھیلا دیا۔ زلزلے کے نتیجے میں کم از کم 5 افراد ہلاک اور 4 زخمی ہو گئے۔
فلپائن کے جنوبی شہر جنرل سانتوس اور اس کے گرد و نواح میں پیر کے روز 7.8 شدت کا شدید زلزلہ محسوس کیا گیا، جس کے نتیجے میں کم از کم 5 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ 4 افراد زخمی ہوئے۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق زلزلے کے جھٹکے اتنے شدید تھے کہ شہری خوفزدہ ہو کر گھروں، دفاتر اور تعلیمی اداروں سے باہر نکل آئے۔ کئی علاقوں میں عمارتوں کو نقصان پہنچنے اور بعض ڈھانچوں کے منہدم ہونے کی اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں۔
بین الاقوامی اداروں کے مطابق زلزلے کی گہرائی تقریباً 10 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی، جس کے باعث جھٹکوں کی شدت سطح زمین پر زیادہ محسوس کی گئی۔
دوسری جانب پیسیفک سونامی وارننگ سینٹر نے زلزلے کے بعد سونامی وارننگ جاری کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ آئندہ چند گھنٹوں کے دوران فلپائن، انڈونیشیا، پلاؤ، تائیوان اور پاپوا نیو گنی کے بعض ساحلی علاقوں میں سمندر کی غیر معمولی لہریں پیدا ہو سکتی ہیں۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر بھی متعدد ویڈیوز شیئر کی جا رہی ہیں جن میں زلزلے کے دوران عمارتوں کو شدید جھٹکے لگتے اور بعض مقامات پر عمارتوں کے حصے گرتے دکھائی دے رہے ہیں۔ تاہم ان ویڈیوز کی آزاد ذرائع سے فوری طور پر تصدیق نہیں ہو سکی۔
حکام متاثرہ علاقوں میں نقصانات کا جائزہ لے رہے ہیں جبکہ امدادی ٹیمیں بھی الرٹ کر دی گئی ہیں۔ زلزلے سے ہونے والے جانی و مالی نقصان کی مکمل تفصیلات ابھی سامنے نہیں آ سکیں اور حکام کی جانب سے مزید معلومات کا انتظار کیا جا رہا ہے.