فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے لبنانی فوج کے سربراہ کی ملاقات

پاکستان لبنان کے ساتھ اپنے دیرینہ اور خوشگوار تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے: فیلڈ مارشل
شائع 09 جون 2026 10:23am

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے لبنان کی مسلح افواج کے کمانڈر انچیف جنرل روڈولف ہیکل نے جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں اہم ملاقات کی ہے، جس میں دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون کو مزید وسعت دینے پر اتفاق اور زور دیا گیا ہے۔

انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے مطابق لبنان کی مسلح افواج کے کمانڈر انچیف جنرل روڈولف ہیکل نے جی ایچ کیو راولپنڈی کا دورہ کیا، جہاں ان کی آمد پر تینوں مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے نے انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا۔

ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی کی مجموعی صورتحال، دفاعی تعاون اور پاکستان و لبنان کے درمیان دوطرفہ فوجی تعلقات کو مزید فروغ دینے کے امکانات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

دونوں عسکری قیادتوں نے اس بات پر زور دیا کہ پیشہ ورانہ روابط، تربیتی تعاون اور ادارہ جاتی سطح پر روابط کو مزید مضبوط بنایا جانا چاہیے۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے گفتگو کے دوران کہا کہ پاکستان لبنان کے ساتھ اپنے دیرینہ اور خوشگوار تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے اور پاک فوج لبنان کی مسلح افواج کے ساتھ دفاعی تعاون کو مزید وسعت دینے کے لیے پرعزم ہے۔

اس موقع پر لبنان کی مسلح افواج کے کمانڈر انچیف جنرل روڈولف ہیکل نے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ مہارت اور آپریشنل صلاحیتوں کو سراہا اور خطے میں امن و استحکام کے ساتھ ساتھ بین الاقوامی امن مشنز میں ان کے کردار کو بھی تسلیم کیا۔

بیان کے مطابق یہ دورہ دونوں ممالک کی مسلح افواج کے درمیان قریبی عسکری تعاون کے فروغ اور باہمی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے مشترکہ عزم کی عکاسی کرتا ہے۔

Read Comments