کیٹی پیری اور جسٹن ٹروڈو کا ریڈ کارپٹ ڈیبیو، سوشل میڈیا پر ہلچل

افواہیں حقیقت میں بدل گئیں۔
شائع 09 جون 2026 11:59am

امریکی پاپ اسٹار کیٹی پیری اور کینیڈا کے سابق وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نے اپنے افیئر کی افواہوں کو حقیقت کا روپ دے دیا ہے۔ دونوں شخصیات نیویارک میں ہونے والے ٹریبیکا فیسٹیول میں پہلی بار ایک ساتھ ریڈ کارپٹ پر آئیں تو انٹرنیٹ پر جیسے ایک طوفان آ گیا۔

دونوں ایک دوسرے کا ہاتھ تھامے 8 جون کو کیٹی پیری کی نئی دستاویزی فلم کیٹی پیری دی لائف ٹائمز ٹور، لائیو فرام پیرس کے پریمیئر کے لیے پہنچے تھے۔

یہ تقریب بنیادی طور پر کیٹی پیری کے نئے پروجیکٹ کے جشن کے لیے سجائی گئی تھی لیکن جیسے ہی یہ دونوں ایک ساتھ نمودار ہوئے، سب کی نظریں ان پر ٹک گئیں۔

ریڈ کارپٹ پر ان کی محبت بھری گفتگو اور ایک دوسرے کے ساتھ کھچوائی گئی تصاویر نے سوشل میڈیا پر دھوم مچا دی اور یہ رشتہ اس شام کا سب سے بڑا موضوع بن گیا۔ جس نے سال 2025 سے چلنے والی تمام افواہوں پر مہر لگا دی۔

کیمروں کی چمک اور مداحوں کے شور کے درمیان دونوں ایک دوسرے کے ساتھ نہایت خوش اور مطمئن نظر آئے، فوٹوگرافروں کو پوز دیتے رہے اور مداحوں سے بھی خوشگوار انداز میں ملتے رہے۔

پریمیئر کے موقع پر جب کیٹی پیری اپنے مداحوں سے مل رہی تھیں، آٹو گراف دے رہی تھیں اور سیلفیاں بنا رہی تھیں، تو ٹروڈو مسلسل ان کے ساتھ ساتھ رہے۔ اگرچہ یہ کیٹی پیری کی فلم کا شو تھا، لیکن اس جوڑے کی آمد نے تمام توجہ اپنی طرف مبذول کر لی۔

یہ تقریب کیٹی پیری کے لیے ویسے بھی بہت اہم تھی کیونکہ ان کی دستاویزی فلم، جس کی ہدایت کاری پال ڈگڈیل نے کی ہے، نومبر2025 کے پیرس کنسرٹس کی یادوں پر مبنی ہے اور اسے ساٹھ کیمروں کی مدد سے فلمایا گیا ہے۔

۔

اس فیسٹیول میں دیگر بڑے گلوکاروں کے پروجیکٹس بھی شامل تھے، لیکن اس سب کے باوجود ریڈ کارپٹ پر اس نئے جوڑے کی کیمسٹری کو نظر انداز کرنا ناممکن تھا۔

ان دونوں کے درمیان تعلق کی افواہیں 2025 میں اس وقت شروع ہوئیں جب انہیں مونٹریال اور دیگر مقامات پر ایک ساتھ دیکھا گیا۔ یہ تجسس اس وقت اور بڑھ گیا جب ایک ویڈیو سامنے آئی جس میں جسٹن ٹروڈو کو شہر میں کیٹی پیری کے ایک کنسرٹ میں شرکت کرتے دیکھا گیا۔

اس کے بعد دسمبر میں کیٹی پیری نے ٹوکیو سے کچھ تصاویر اور ویڈیوز شیئر کیں جن میں کینیڈا کے سابق وزیر اعظم بھی موجود تھے۔ تب سے اب تک دونوں کو کئی بار ایک ساتھ دیکھا گیا، لیکن دونوں میں سے کسی نے بھی اپنے رشتے پر کھل کر بات نہیں کی۔

اب ٹریبیکا فیسٹیول میں ان کا اس طرح ایک ساتھ آنا کسی رسمی اعلان کے بغیر ہی سب کچھ بیان کر گیا ہے، کیونکہ شوبز کی دنیا میں ایک ساتھ ریڈ کارپٹ پر چلنا ہی اپنے آپ میں ایک بڑا بیان سمجھا جاتا ہے۔

Read Comments