ایرانی تیل کی ترسیل کا الزام: امریکا کا بحیرۂ عمان میں ایک اور جہاز پر فضائی حملہ

سینٹ کام کا کہنا ہے کہ ایران کے خلاف بحری ناکا بندی کی خلاف ورزی پر کارروائی کی گئی۔
اپ ڈیٹ 11 جون 2026 06:18pm

امریکی فوج نے خلیجِ عمان میں ایک اور تجارتی آئل ٹینکر کو نشانہ بنا کر ناکارہ بنانے کا اعلان کیا ہے۔ امریکی حکام کے مطابق یہ جہاز ایران سے تیل منتقل کرنے کی کوشش کر رہا تھا اور اس نے امریکی ہدایات پر عمل نہیں کیا۔

امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹ کام) نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ 10 جون کی شب خلیج عمان میں گنی بساؤ کے پرچم تلے چلنے والے آئل ٹینکر ایم ٹی جالویر کو ناکارہ بنا دیا گیا، امریکی دعوے کے مطابق ایران کے خلاف عائد بحری ناکا بندی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ایرانی تیل منتقل کرنے کی کوشش کر رہا تھا۔

سینٹ کام کے مطابق امریکی طیارے نے جہاز کے عملے کو متعدد بار انتباہ کیا، تاہم ہدایات پر عمل نہ ہونے کے بعد جہاز کے انجن روم کو دو ہیل فائر میزائلوں سے نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں جہاز کی نقل و حرکت معطل ہوگئی۔

امریکی سینٹرل کمانڈ کا کہنا ہے کہ جالویر اس ہفتے ناکارہ بنایا جانے والا تیسرا تجارتی جہاز ہے۔

اس سے قبل پیر اور منگل کو امریکی افواج نے ایم ٹی میری ویکس اور ایم ٹی سیٹیبیلو نامی جہازوں کے خلاف بھی کارروائیاں کی تھیں۔ امریکی حکام کے مطابق میری ویکس ایرانی بندرگاہ کی جانب جا رہا تھا جب کہ سیٹیبیلو ایرانی تیل کی نقل و حمل میں مصروف تھا۔

سینٹ کام کے اعداد و شمار کے مطابق 13 اپریل سے جاری بحری ناکا بندی کے دوران اب تک 9 ایسے جہازوں کو ناکارہ بنایا جا چکا ہے جنہوں نے امریکی احکامات پر عمل نہیں کیا، جب کہ 135 جہازوں کا رخ موڑ دیا گیا۔ اس کے علاوہ انسانی امداد لے جانے والے 42 جہازوں کو گزرنے کی اجازت دی گئی۔

امریکی فوج کا کہنا ہے کہ یہ ناکا بندی تمام ممالک کے جہازوں پر یکساں طور پر نافذ کی جا رہی ہے اور اس کا اطلاق ایران کی تمام بندرگاہوں اور ساحلی علاقوں، بشمول خلیجِ عمان اور خلیج فارس کے ساحلی مراکز پر ہوتا ہے۔

ادھر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بدھ کے روز ایران کے خلاف مزید سخت کارروائیوں کا عندیہ دیتے ہوئے کہا کہ تہران کے ساتھ جاری مذاکرات میں پیش رفت نہ ہونے کی صورت میں امریکا ایران پرشدید کاری ضرب لگائے گا، ان کا دعویٰ تھا کہ امریکا ایرانی تیل اورگیس کی مارکیٹوں کامکمل کنٹرول اپنے ہاتھ میں لے گا۔

واضح رہے کہ امریکی حکام کا دعویٰ تھا کہ ایران نے آبنائے ہرمز کے قریب ایک امریکی اپاچی ہیلی کاپٹر کو نشانہ بنایا، تاہم امریکی اخبارامریکی اخبار دی نیو یارک ٹائمز نے اپنی رپورٹ میں کہا کہ ابتدائی طور پر یہ واضح نہیں ہو سکا کہ ہیلی کاپٹر ایرانی فائرنگ کا نشانہ بنا، فنی خرابی کا شکار ہوا یا کسی اور وجہ سے حادثے کا شکار ہوا۔

امریکی صدر نے بھی منگل کے روز کہا تھا کہ ایران نے آبنائے ہرمز کے قریب ایک امریکی اپاچی ہیلی کاپٹر کو نشانہ بنایا اور اسی وجہ سے ممکنہ جوابی کارروائی زیر غور ہو سکتی ہے، ایران کے صدر مسعود پزشکیان اور دیگر اعلیٰ حکام نے امریکی دھمکیوں پر سخت ردعمل دیتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ ایرانی مفادات کو نشانہ بنانے کی صورت میں بھرپور جواب دیا جائے گا۔

ایرانی پاسدارانِ انقلاب کے مطابق جمعرات کی صبح کویت، بحرین اور اردن میں مختلف فوجی اہداف پر ڈرون اور بیلسٹک میزائل حملے کیے گئے۔ ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ بحرین کے شیخ عیسیٰ ایئربیس، کویت کے علی السالم اور احمد الجابر ایئربیسز، جب کہ اردن کے الازرق ایئربیس کو نشانہ بنایا گیا۔

تہران نے ان حملوں کو امریکی کارروائیوں کا جواب قرار دیتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ اگر حملوں کا سلسلہ جاری رہا تو آبنائے ہرمز میں بحری آمدورفت مزید متاثر ہو سکتی ہے۔

امریکی حکام کا کہنا ہے کہ حالیہ حملوں میں ایران کے فوجی اور مواصلاتی ڈھانچے کو نشانہ بنایا گیا، جب کہ ایرانی فوجی قیادت نے آبنائے ہرمز کے قریب بحری سرگرمیوں کے حوالے سے سخت انتباہ جاری کیا ہے۔

Read Comments