فیفا ورلڈ کپ سے قبل گھانا کو بڑا جھٹکا؛ ریپ کے ملزم اسٹار کھلاڑی پر کینیڈا کے دروازے بند
گھانا کی فٹبال ٹیم کو ورلڈ کپ کے آغاز پر بڑا دھچکا لگا ہے، کیونکہ مڈفیلڈر تھامس پارٹے بدھ کو ہونے والے اپنے ٹیم کے افتتاحی میچ میں شرکت نہیں کر سکیں گے۔ کینیڈا کی جانب سے ان کی ویزا درخواست مسترد کیے جانے کے بعد وہ ٹیم کو جوائن نہیں کر پائیں گے، جبکہ وہ اس وقت لندن میں ریپ کے متعدد الزامات کے تحت عدالتی کارروائی کے منتظر بھی ہیں۔
فیفا نے جمعہ کے روز ایک بیان میں کہا کہ 32 سالہ پارٹے اپنی ٹیم کے کیمپ اسمتھ فیلڈ، رہوڈ آئی لینڈ سے کینیڈا سفر نہیں کر سکیں گے جہاں گھانا کا افتتاحی میچ پاناما کے خلاف ٹورنٹو میں ہونا ہے۔
فیفا کے مطابق ان کی ویزا درخواست کینیڈا کی حکومت نے مسترد کر دی ہے۔ عالمی فٹبال کے ادارے نے مزید کہا کہ فیفا میزبان ممالک کے امیگریشن عمل میں شامل نہیں ہوتا، بشمول ویزا کی منظوری کے فیصلے، اور ہر ایونٹ میں میزبان حکومت ہی فیصلہ کرتی ہے کہ کس کو ویزا دیا جائے گا اور کس کو ملک میں داخلے کی اجازت ملے گی۔
گھانا فٹبال ایسوسی ایشن نے اس معاملے پر تبصرہ کے لیے بھیجی گئی ای میل کا فوری طور پر جواب نہیں دیا۔
ادھر امیگریشن، ریفیوجیز اینڈ سٹیزن شپ کینیڈا نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ہر شخص جو کینیڈا آنا چاہتا ہے اسے انفرادی طور پر دستیاب حقائق اور قانون کے مطابق پرکھا جاتا ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ کینیڈا 2026 فیفا ورلڈ کپ کی میزبانی پر فخر کرتا ہے اور ایک کامیاب ایونٹ کے انعقاد کے لیے کام کر رہا ہے، جبکہ کینیڈین شہریوں کی حفاظت اور سیکیورٹی کو بھی برقرار رکھا جا رہا ہے۔ادارے نے یہ بھی واضح کیا کہ بڑے ایونٹس کی میزبانی کینیڈا کے امیگریشن قوانین کو تبدیل نہیں کرتی۔
ویزہ مسترد ہونے کے بعد تھامس پارٹے واپس گھانا کے کیمپ روانہ ہوگئے ہیں۔ تاہم وہ 23 جون کو ہونے والے میچ میں کھیل سکیں گے جب گھانا کا مقابلہ انگلینڈ سے فاکس بورو، میساچوسٹس میں ہوگا۔ گھانا اپنا گروپ مرحلہ 27 جون کو کروشیا کے خلاف فلاڈیلفیا میں مکمل کرے گی۔
یاد رہے کہ تھامس پارٹے نومبر یا اس کے بعد ریپ کے ان الزامات پر مقدمے کا سامنا کریں گے جو 2020 سے 2025 کے دوران ان کے انگلش کلب آرسنل میں کھیلنے کے دور سے متعلق ہیں۔ اس وقت وہ اسپینش کلب ویارئیل کی نمائندگی کر رہے ہیں اور انہوں نے تمام الزامات کو مسترد کرتے ہوئے خود کو بے قصور قرار دیا ہے۔
اسی نوعیت کے الزامات کا سامنا کرنے والے ایک اور ورلڈ کپ کھلاڑی، مراکش کے دفاعی کھلاڑی اشرف حکیمی بھی پیرس میں عدالتی کارروائی کے منتظر ہیں۔
گھانا اس ورلڈ کپ میں اپنی پانچویں شرکت کر رہا ہے، جو گزشتہ چھ ٹورنامنٹس میں سے ایک ہے۔