ایران امریکا امن معاہدے کا اثر، خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی

امریکی خام تیل کی قیمت نمایاں کمی کے بعد 80 ڈالر فی بیرل کی سطح پر آگئی
شائع 15 جون 2026 08:51am

عالمی منڈی میں امریکا اور ایران کے درمیان امن معاہدے کی خبر سامنے آنے کے بعد خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جس کے نتیجے میں بین الاقوامی توانائی مارکیٹ میں تیل کی قیمتیں دباؤ کا شکار ہو گئی ہیں۔

امریکا اور ایران کے درمیان ممکنہ امن معاہدے کی اطلاعات کے بعد عالمی سرمایہ کاروں کے خدشوں میں کمی آئی، جس کے باعث خام تیل کی قیمتوں میں پانچ فیصد تک کمی دیکھی گئی۔

امریکی خام تیل کی قیمت نمایاں کمی کے بعد 80 ڈالر فی بیرل کی سطح پر آگئی۔

دوسری جانب برطانوی خام تیل (برینٹ کروڈ) کی قیمت میں بھی چار فیصد تک کمی ریکارڈ کی گئی، جس کے بعد اس کی قیمت 83 ڈالر فی بیرل تک گر گئی۔

ادھر متحدہ عرب امارات کے مربن کروڈ آئل کی قیمت بھی مندی کی لہر سے متاثر ہوئی۔ مربن کروڈ آئل کی قیمت میں پانچ فیصد کمی ریکارڈ کی گئی، جس کے بعد اس کی نئی قیمت 83 ڈالر فی بیرل کی سطح پر آ گئی۔

معاشی ماہرین کے مطابق امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی میں کمی اور امن معاہدے کی پیش رفت کی خبریں عالمی توانائی منڈیوں پر براہِ راست اثر ڈال رہی ہیں، جس کے نتیجے میں تیل کی سپلائی سے متعلق خدشات کم ہوئے اور قیمتوں میں نمایاں کمی دیکھنے میں آئی۔

عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں یہ کمی ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب سرمایہ کار مشرقِ وسطیٰ کی صورت حال اور توانائی کی عالمی رسد پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔

یاد رہے کہ امریکا ایران کے درمیان معاہدہ طے پاگیا ہے، وزیراعظم شہباز شریف نے امریکا اور ایران کے درمیان امن معاہدے کا اعلان کیا۔

پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے اس بڑی کامیابی کا باضابطہ اعلان کرتے ہوئے سوشل میڈیا پر لکھا کہ طویل اور مشکل مذاکرات کے بعد ہمیں یہ اعلان کرتے ہوئے بہت خوشی ہو رہی ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان امن معاہدہ طے پا گیا ہے اور اس معاہدے پر باقاعدہ دستخط کی تقریب 19 جون بروز جمعہ سوئٹزرلینڈ میں ہوگی۔

Read Comments