بھارتی ٹی وی اداکارہ سنچیتا اوگلے چل بسیں
بھارتی ٹیلی وژن انڈسٹری کی معروف اداکارہ سنچیتا اوگلے 30 برس کی عمر میں انتقال کر گئیں۔ سنچیتا اوگلے اپنی مقبول ڈرامہ سیریلز ”کم کم بھاگیہ“ اور ”واگلے کی دنیا“ میں اداکاری کے باعث شہرت رکھتی تھیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سنچیتا اوگلے اتوار 14 جون کی شام ممبئی کے علاقے نالاسوپارا میں واقع اپنی رہائش گاہ پر مردہ پائی گئیں۔
رپورٹس کے مطابق اداکارہ اپنے والدین اور بہن کے ساتھ رہائش پذیر تھیں۔ واقعے کے وقت وہ اپنے کمرے میں اکیلی موجود تھیں، جبکہ کمرہ اندر سے بند تھا۔
اہل خانہ نے انہیں تشویشناک حالت میں قریبی اسپتال منتقل کیا، تاہم ڈاکٹروں نے معائنے کے بعد ان کے انتقال کی تصدیق کر دی۔
سنچیتا اوگلے کے انتقال کی خبر اس وقت سامنے آئی جب چند گھنٹے قبل ہی انہوں نے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو شیئر کی تھی، جس میں وہ خوشگوار موڈ میں ایک بالی ووڈ گانے پر ڈانس اور لپ سنگ کرتی دکھائی دے رہی تھیں۔
ان کے انتقال پر شوبز شخصیات اور ساتھی فنکاروں نے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ ”اسپلٹس ولا 16“ سے شہرت پانے والے اداکار اور ان کے سابق ساتھی سوربھ بیدی نے انسٹاگرام پر جذباتی پیغام شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ وہ اس خبر پر یقین نہیں کر پا رہے۔
سنچیتا اوگلے نے مقبول ڈرامے ”کم کم بھاگیہ“ میں دیا ٹنڈن کا کردار ادا کرکے شہرت حاصل کی تھی۔ بعد ازاں انہوں نے ”واگلے کی دنیا“ ’’نئی پیڑی نئے قصے‘‘ میں روچیتا جیتلی کا کردار بھی نبھایا۔
ٹیلی وژن کے علاوہ سنچیتا اوگلے فلمی دنیا میں بھی سرگرم تھیں۔ انہوں نے ’’چھایہ‘‘ میں مراٹھا ملکہ تارابائی کے کم عمری کے کردار کی عکاسی کی تھی، جس میں مرکزی کردار وکی کوشل نے ادا کیا تھا۔
سنچیتا اوگلے کے انتقال کی وجوہات کے حوالے سے تاحال کوئی باضابطہ بیان سامنے نہیں آیا، جبکہ بھارتی میڈیا کے مطابق متعلقہ حکام واقعے کی مزید تحقیقات کر رہے ہیں۔
نوٹ: واقعے کی اصل وجوہات کے بارے میں حکام کی جانب سے حتمی معلومات جاری نہیں کی گئیں، اس لیے کسی بھی غیر مصدقہ دعوے سے گریز کیا جانا چاہیے۔