ہر انسٹاگرام ریل کے نیچے 'کمنٹ فار لنک' کیوں لکھا ہوتا ہے؟ کمائی کا خفیہ طریقہ جانیے

انسٹاگرام پر "کمنٹ فار لنک" کا راز کیا ہے اوراس کا بڑھتا ہوا رجحان کس بات کی عکاسی کرتا ہے؟
اپ ڈیٹ 20 جون 2026 12:04pm

سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام پر حالیہ عرصے میں ”کمنٹ فار لنک“، ”کمنٹ فار گائیڈ“ یا ”کمنٹ فار ڈیٹیلز“ جیسے پیغامات انتہائی عام ہو چکے ہیں۔ کھانوں کی تراکیب بتانے والے کریئیٹرز ہوں، فیشن انفلوئنسرز یا فنانشل ایڈوائزر دینے والے ماہرین، ہزاروں پوسٹس اور ریلز میں صارفین سے کسی مخصوص لفظ کے ساتھ کمنٹ کرنے کی درخواست کی جاتی ہے تاکہ انہیں مطلوبہ معلومات یا لنک فراہم کیا جا سکے۔

ماہرین کے مطابق یہ رجحان محض صارفین کو معلومات فراہم کرنے کا طریقہ نہیں بلکہ ایک سوچا سمجھا ڈیجیٹل مارکیٹنگ ماڈل ہے جو بیک وقت کریئیٹرز، برانڈز اور انسٹاگرام کے الگورتھم کو فائدہ پہنچاتا ہے۔

انسٹاگرام پر پوسٹس کے کیپشن میں کلک ایبل لنکس شامل نہ کیے جانے کی پابندی اس رجحان کی بنیادی وجہ سمجھی جاتی ہے۔ اگرچہ صارفین بائیو یا اسٹوریز میں موجود لنکس تک رسائی حاصل کر سکتے ہیں، لیکن اس عمل میں اضافی مراحل شامل ہونے کے باعث دلچسپی رکھنے والے افراد کی تعداد کم ہو سکتی ہے۔ اسی خلا کو پُر کرنے کے لیے کریئیٹرز اب خودکار سافٹ ویئر اور آٹومیشن ٹولز استعمال کر رہے ہیں۔

اس نظام کے تحت جب کوئی صارف پوسٹ پر مخصوص لفظ کمنٹ کرتا ہے تو سافٹ ویئر فوری طور پر اس کی نشاندہی کرکے صارف کے ڈائریکٹ میسج (ڈی ایم) میں متعلقہ لنک یا معلومات بھیج دیتا ہے۔ یوں صارف کو مطلوبہ مواد تک رسائی آسانی سے مل جاتی ہے جبکہ کریئیٹر کو اضافی انگیجمنٹ حاصل ہوتی ہے۔

ڈیجیٹل مارکیٹنگ ماہرین کا کہنا ہے کہ اس حکمت عملی کا سب سے بڑا فائدہ انسٹاگرام کے الگورتھم سے جڑا ہوا ہے۔ ہر کمنٹ پلیٹ فارم کے لیے ایک اہم انگیجمنٹ سگنل تصور کیا جاتا ہے۔ جب کسی پوسٹ پر بڑی تعداد میں تبصرے آتے ہیں تو انسٹاگرام اسے زیادہ دلچسپی کا حامل مواد سمجھتے ہوئے مزید صارفین تک پہنچا سکتا ہے۔

اسی وجہ سے ”کمنٹ فار لنک“ ماڈل کریئیٹرز کے لیے دوہرا فائدہ رکھتا ہے۔ ایک طرف صارفین کو فوری معلومات ملتی ہیں جبکہ دوسری جانب کمنٹس کی بڑھتی ہوئی تعداد مواد کی رسائی میں اضافہ کر سکتی ہے۔

تاہم عام صارفین میں یہ تاثر پایا جاتا ہے کہ ہر کمنٹ سے انفلوئنسرز کو براہ راست مالی فائدہ پہنچتا ہے، لیکن ماہرین اس خیال کو درست نہیں سمجھتے۔ ان کے مطابق انسٹاگرام ہر کمنٹ پر ادائیگی نہیں کرتا اور نہ ہی زیادہ تر برانڈز کمنٹس یا کلکس کی بنیاد پر رقم دیتے ہیں۔

اکثر انفلوئنسر مارکیٹنگ مہمات میں کریئیٹرز کو مواد تیار کرنے اور شائع کرنے کے عوض ایک مقررہ فیس دی جاتی ہے۔ اس ادائیگی کا تعلق اس بات سے نہیں ہوتا کہ کتنے افراد ”لنک“ یا دیگر الفاظ کمنٹ کرتے ہیں۔

البتہ بعض معاملات میں ایفیلیئیٹ مارکیٹنگ یا ریونیو شیئرنگ ماڈل استعمال کیا جاتا ہے۔ ایسے پروگراموں میں کریئیٹر کی آمدن اس وقت بنتی ہے جب صارف لنک حاصل کرنے کے بعد کوئی مخصوص عمل انجام دے، مثلاً کسی مصنوعات کی خریداری، ایپلی کیشن ڈاؤن لوڈ کرنا، کسی سروس کے لیے رجسٹریشن یا لیڈ فارم جمع کروانا۔

مارکیٹنگ ماہرین کے مطابق اصل مالی قدر کمنٹ میں نہیں بلکہ اس کے بعد کے مرحلے میں پوشیدہ ہوتی ہے۔ اگر صارف لنک پر کلک کرنے کے بعد خریداری یا سبسکرپشن جیسا عمل مکمل کرے تو ہی کریئیٹر یا برانڈ کو حقیقی فائدہ حاصل ہوتا ہے۔

کئی ممالک میں ایفیلیئیٹ مارکیٹنگ کے تحت فزیکل مصنوعات پر عموماً 10 سے 25 فیصد تک کمیشن دیا جاتا ہے، جبکہ ڈیجیٹل مصنوعات پر یہ شرح 30 سے 50 فیصد تک پہنچ سکتی ہے۔ بعض سافٹ ویئر یا سروسز میں کمیشن کی شرح اس سے بھی زیادہ ہو سکتی ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ ”کمنٹ فار لنک“ دراصل ایک وسیع مارکیٹنگ فنل کا ابتدائی مرحلہ ہے۔ کمنٹ کرنے والا صارف دلچسپی کا اظہار کرتا ہے، پھر اسے ڈی ایم میں لنک موصول ہوتا ہے اور اس کے بعد فیصلہ کن مرحلہ آتا ہے کہ آیا وہ لنک پر کلک کرے گا، خریداری کرے گا، سبسکرائب کرے گا یا مواد کو نظر انداز کر دے گا۔

اگرچہ یہ حکمت عملی اب بھی مؤثر سمجھی جاتی ہے، تاہم ماہرین خبردار کرتے ہیں کہ اس کا حد سے زیادہ استعمال صارفین میں اکتاہٹ پیدا کر سکتا ہے۔ جب ہر پوسٹ میں ایک ہی انداز کا مطالبہ دہرایا جائے تو ناظرین اس سے لاتعلق ہونا شروع ہو جاتے ہیں اور اس کی افادیت کم ہو سکتی ہے۔

تجزیہ کاروں کے مطابق ”کمنٹ فار لنک“ کا بڑھتا ہوا رجحان اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ کریئیٹرز اور برانڈز انسٹاگرام کی تکنیکی حدود اور الگورتھم کے مطابق اپنی حکمت عملیاں مسلسل تبدیل کر رہے ہیں۔ تاہم وائرل ریلز کے نیچے نظر آنے والے ہزاروں کمنٹس کے باوجود حقیقت یہی ہے کہ ہر ”لنک“ لکھنے والا صارف کریئیٹر کی آمدن میں براہ راست اضافہ نہیں کرتا، بلکہ اصل اہمیت اس بات کی ہوتی ہے کہ کمنٹ کے بعد صارف کیا فیصلہ کرتا ہے۔

Read Comments