ایران امریکا مذاکرات: منجمد اثاثوں کی واپسی اور تیل پابندیوں میں نرمی پر بات چیت

مفاہمتی یادداشت کی دیگر شقوں پر عملدرآمد اس وقت تک شروع نہیں ہوگا جب تک لبنان میں جنگ کے خاتمے سے متعلق معاملات طے نہیں پا جاتے: ایرانی مذاکرات کار
شائع 21 جون 2026 11:51pm

پاکستان کی میزبانی میں سوئٹزرلینڈ میں ایران اور امریکا کے درمیان آج ہونے والے مذاکرات میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، ایرانی مذاکراتی ٹیم کے رکن حسین قربان زادہ نے بتایا کہ مذاکرات میں ایران کے منجمد اثاثوں کی واپسی اور ایرانی تیل پر عائد پابندیوں میں نرمی کے طریقہ کار پر بات چیت ہوئی۔

امریکی نشریاتی ادارے سی این این کے مطابق اتوار کو ایرانی مذاکراتی وفد کے رکن حسین قربان زادہ نے ایرانی سرکاری ٹیلی وژن کو بتایا کہ آج سوئٹزرلینڈ میں ہونے والے مذاکرات میں مفاہمتی یادداشت پر عملدرآمد کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

حسین قربان زادہ کے مطابق مذاکرات میں ایران کے منجمد اثاثوں کی واپسی اور انہیں جاری کرنے کے طریقہ کار پر بھی تفصیلی گفتگو ہوئی جب کہ ایران کے توانائی کے شعبے سے متعلق امریکی پابندیوں میں نرمی کے مختلف پہلو بھی زیر بحث آئے۔

ایرانی مذاکرات کار نے مزید بتایا کہ مذاکرات کا بنیادی محور مفاہمتی یادداشت کی شق 13 پر عملدرآمد اور دیگر شقوں پر آئندہ مذاکرات کے لیے بنیاد تیار کرنا تھا۔

ان کے مطابق اس عمل کی بنیاد 5 اہم نکات پر رکھی گئی ہے، جن میں تمام محاذوں پر جنگ کا خاتمہ، محاصرے کا خاتمہ، آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنا، ایرانی تیل اور اس سے متعلق مصنوعات پر عارضی پابندیوں میں نرمی اور ایران کے منجمد اثاثوں کی بحالی شامل ہیں۔

حسین قربان زادہ نے مزید کہا کہ مفاہمتی یادداشت کی دیگر شقوں پر عملدرآمد اس وقت تک شروع نہیں ہوگا جب تک لبنان میں جاری جنگ کے خاتمے سے متعلق معاملات طے نہیں پا جاتے۔

انہوں نے اس بات کی بھی تصدیق کی کہ ایرانی تیل اور اس سے وابستہ مصنوعات پر امریکی پابندیوں سے عارضی استثنیٰ دینے کے مسودے کو حتمی شکل دے دی گئی ہے اور توقع ہے کہ اس پر جلد عملی اقدامات کا آغاز ہوگا جب کہ اس کی مزید تفصیلات فی الحال جاری نہیں کی گئیں۔

واضح رہے کہ پاکستان کی میزبانی میں سوئٹزرلینڈ کے شہر برگن اسٹاک میں ایران اور امریکا کے درمیان مذاکرات ہو رہے ہیں جس کے لیے وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈمارشل سید عاصم منیر سمیت پاکستانی وفد موجود ہیں۔

مذاکرات سے پہلے وزیراعظم شہبازشریف اور امریکی نائب صدرجے ڈی وینس نے ملاقات کی جس میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیربھی موجود تھے۔

نائب صدرجےڈی وینس نے کہا کہ امن معاہدے میں تاریخی کردار پر واشنگٹن اسلام آباد کا شکرگزار ہے۔ وہ وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سیدعاصم منیرسےانتہائی گرمجوشی سے ملے،، مصافحہ کیا اور گلے لگایا۔

Read Comments