ٹرمپ کے ساتھ تنازع: میلونی نے تعلقات معمول پر لانے کی خواہش ظاہر کردی
اٹلی کی وزیر اعظم جارجیا میلونی نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ لفظی جنگ کے بعد دونوں ممالک کے تعلقات معمول پر لانے کی خواہش ظاہر کر دی ہے۔
برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق روم میں ایک تقریب کے دوران گفتگو کرتے ہوئے اطالوی وزیر اعظم جارجیا میلوی نے کہا کہ گزشتہ ہفتے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ان کے درمیان عوامی سطح پر ہونے والی تلخی کے بعد اب امریکا کے ساتھ تعلقات کو دوبارہ معمول پر آنا چاہیے۔
جارجیا میلونی نے کہا کہ میرا اس تنازع کو مزید طول دینے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔ یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا جب گزشتہ ہفتے دونوں رہنماؤں کے درمیان لفظی اختلاف سامنے آیا تھا۔
واضح رہے کہ جمعہ کو اطالوی وزیراعظم نے صدر ٹرمپ پر الزام عائد کیا تھا کہ انہوں نے ان کے بارے میں ایک من گھڑت کہانی بیان کی۔
صدر ٹرمپ نے ایک اطالوی ٹی وی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ فرانس میں ہونے والے حالیہ جی 7 سربراہی اجلاس کے دوران جارجیا میلونی نے ان کے ساتھ تصویر بنوانے کی درخواست کی تھی۔
اس پر اطالوی وزیر اعظم کی جانب سے فوری ردعمل آیا جس میں جورجیا میلونی نے صدر ٹرمپ کے دعوے کو مسترد کرتے ہوئے اسے بے بنیاد قرار دیا تھا۔
جارجیا میلونی نے مزید کہا تھا کہ امریکی صدر کے بیانات سراسر من گھڑت ہیں، میں سچ مچ حیران ہوں، میں نہیں جانتی کہ امریکا کے صدر اپنے اتحادیوں کے ساتھ ایسا سلوک کیوں کرتے ہیں، یہ پہلی بار نہیں ہے۔
انہوں نے کہا تھا کہ میں صرف اتنا کہہ سکتی ہوں کہ یہ مایوس کن ہے کہ وہ مغرب اور امریکا کے دشمنوں کے خلاف ایسی پختہ عزم کا مظاہرہ نہیں کرتے جن کے رہنماؤں کے ساتھ وہ اس کے بجائے کہیں زیادہ نرمی سے پیش آتے ہیں۔ ایک بات ہے جو انہیں یاد رکھنی چاہیے کہ میں اور نہ ہی اٹلی کبھی کسی کے آگے ہاتھ نہیں پھیلاتے۔