'مزے لے رہی ہوں، سب کچھ یہیں رہ جانا ہے'، تمنا بھاٹیا نے دولت کمانے کی اصل وجہ بتا دی
بولی ووڈ اداکارہ تمنا بھاٹیا کا کہنا ہے کہ وہ کاروبار اور دولت بنانے کے اس پورے سفر سے بہت لطف اندوز ہو رہی ہیں، لیکن ان کا مقصد صرف پیسہ جمع کرنا نہیں بلکہ اپنی ایک الگ پہچان بنانا ہے۔
امریکی جریدے فوربز کو دیے گئے ایک حالیہ انٹرویو میں تمنا بھاٹیا نے اپنی دولت، کامیابی اور کاروبار کے بارے میں کھل کر بات کی۔
انہوں نے کہا، ،میں نے ایک بات سمجھ لی ہے کہ کوئی بھی یہ دولت ساتھ لے کر کہیں نہیں جا سکتا۔ میرے لیے دولت کا مطلب یہ ہے کہ میں اس کے بننے کے عمل سے لطف اٹھا رہی ہوں۔ میں دولت، قدر اور اپنی شناخت بنانے کے سفر کو انجوائے کر رہی ہوں، کیونکہ مجھے اس میں واقعی بہت مزہ آ رہا ہے۔‘
پیسے کی ضرورت اور اس کے استعمال پر بات کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا، ’میں نہیں جانتی کہ میں اس دولت کا کیا کروں گی۔ کوئی بھی انسان اتنے سارے پیسے کا آخر کیا کرتا ہے؟ ایک حد کے بعد آپ پیسے سے مزید کچھ نہیں کر سکتے۔ اصل بات یہ ہے کہ میں بس کچھ ایسا کرنا چاہتی ہوں جو اپنے آخری انجام تک پہنچے۔‘
تمنا بھاٹیا کا ماننا ہے کہ جب انسان کسی اچھے مقصد کے لیے کام کرتا ہے تو پیسہ خود بخود آ جاتا ہے۔
انہوں نے کہا، ’میں چاہتی ہوں کہ میرا کام زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچے اور اس سے مجھے بہت خوشی ملتی ہے۔ جب بھی میں نے کسی بڑے مقصد کے لیے کام کیا، اس سے قدرتی طور پر دولت پیدا ہوئی۔‘
اپنا مقصد بتاتے ہوئے بھارتی اداکارہ نے کہا کہ، ’میں لوگوں کی مدد بھی کرنا چاہتی ہوں اور میرے خیال میں دوسروں کی مدد کرنا کوئی ایسا کام نہیں جو آپ کسی ایک خاص دن کرتے ہیں، بلکہ یہ کام تو کاروبار بنانے کے ساتھ ساتھ ہی چلتا رہتا ہے۔‘
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق تمنا بھاٹیا لگ بھگ نوے فلموں میں کام کر چکی ہیں اور ان کی کل دولت ایک ارب بھارتی روپے سے زیادہ بتائی جاتی ہے۔ وہ ممبئی میں سمندر کے کنارے ایک قیمتی اپارٹمنٹ کی مالک بھی ہیں۔
فلموں میں برسوں کام کرنے کے بعد اب وہ کاروبار کی دنیا میں بھی قدم رکھ چکی ہیں۔ رواں سال نہوں نے اپنا جیولری برانڈ ”تمنا فائن جیولری“ شروع کیا، جسے روزمرہ کی لگژری کے طور پر پیش کیا جا رہا ہے، لیکن ان کا کہنا ہے کہ ان کا اصل مقصد صرف دولت جمع کرنا نہیں بلکہ اپنے کام کو بڑھانا ہے۔