سرگودھا: ننھی منتہا سے زیادتی اور قتل کا ملزم سی سی ڈی کے ساتھ مبینہ مقابلے میں ہلاک

مرکزی ملزم ارسلان مبینہ طور پر اپنے ہی ساتھیوں کی گولی کا نشانہ بن کر موقع پر ہی مارا گیا: پولیس ذرائع
شائع 24 جون 2026 10:26am

سرگودھا میں آٹھ سال کی معصوم بچی منتہا کو مبینہ زیادتی کے بعد بے دردی سے قتل کرنے والا مرکزی ملزم ارسلان مبینہ پولیس مقابلے کے دوران مارا گیا۔

سرگودھا پولیس کے مطابق کرائم انویسٹی گیشن ڈیپارٹمنٹ (سی سی ڈی) سرگودھا کی ٹیم ملزم ارسلان کو گرفتار کرنے کے بعد تھانہ جھال چکیاں کے علاقے میں قتل میں استعمال ہونے والا ہتھیار برآمد کرانے کے لیے لے جا رہی تھی کہ راستے میں گھات لگائے بیٹھے ملزم کے مسلح ساتھیوں نے پولیس پارٹی کو دیکھتے ہی اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی۔

اس دوران پولیس اور حملہ آوروں کے درمیان مقابلہ ہوا جس میں مرکزی ملزم ارسلان مبینہ طور پر اپنے ہی ساتھیوں کی گولی کا نشانہ بن کر موقع پر ہی مارا گیا، جبکہ اس کے دیگر ساتھی رات کے اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

پولیس نے فرار ہونے والے ملزمان کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیمیں بنا دی ہیں۔

واضح رہے کہ پولیس نے ڈی پی او سرگودھا صہیب اشرف کی ہدایت پر بنائی گئی چھ رکنی تحقیقاتی ٹیم کی مدد سے کارروائی کرتے ہوئے مرکزی ملزم سمیت چھ افراد کو گزشتہ روز گرفتار کیا تھا، جن میں دکان کا مالک حنیف، اس کا بیٹا اور دیگر مشتبہ افراد شامل ہیں۔

پولیس کو واقعے کی ایک سی سی ٹی وی فوٹیج بھی ملی ہے جس میں معصوم بچی کو دکان کے اندر جاتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے لیکن وہ وہاں سے باہر آتی ہوئی دکھائی نہیں دیتی۔

ابتدائی تفتیش میں یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ مقتولہ بچی کے والد کی دکان کے مالک سے کچھ دن پہلے سخت تلخ کلامی ہوئی تھی اور دکاندار نے انہیں سنگین نتائج کی دھمکیاں دی تھیں، اسی لیے پولیس اس دشمنی کے زاویے پر بھی گہرائی سے تفتیش کر رہی ہے۔

مقتولہ بچی کا پوسٹ مارٹم کر لیا گیا ہے لیکن ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ میڈیکل رپورٹ مکمل ہونے میں مزید چوبیس گھنٹے لگ سکتے ہیں جس کے بعد ہی موت کی اصل وجہ سامنے آئے گی۔

دوسری طرف معصوم منتہا کو نمازِ جنازہ کی ادائیگی کے بعد مقامی مرکزی قبرستان میں سپردِ خاک کر دیا گیا ہے، جہاں ہر آنکھ اشکبار تھی۔

جنازے میں شہریوں اور رشتہ داروں کی بہت بڑی تعداد شریک ہوئی۔ اس موقع پر غم سے نڈھال والدین اور اہل علاقہ نے شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا تھا کہ کیس کے دیگر ملزمان کو بھی سخت سے سخت سزا دی جائے تاکہ متاثرہ خاندان کو مکمل انصاف مل سکے۔

Read Comments