981 دن بعد برازیلین ٹیم میں واپسی، نیمار جونیئر رو پڑے

میدان میں اترتے وقت میرا دل تیزی سے دھڑک رہا تھا، میں واقعی بہت گھبرایا ہوا تھا: برازیلین فٹبالر
شائع 25 جون 2026 07:26pm

عالمی شہرت یافتہ برازیلین فٹبالر نیمار جونیئر ورلڈ کپ 2026 کے دوران 981 دن کے بعد قومی ٹیم میں واپسی پر آبدیدہ ہو گئے۔ انہوں نے اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میدان میں اترتے وقت وہ گھبرائے ہوئے تھے تاہم واپسی پر بے حد خوش اور فخر محسوس کر رہے ہیں۔

برازیل کے لیے سب سے زیادہ گول کرنے والے اسٹار فٹبالر نیمار جونیئر نے طویل وقفے کے بعد قومی ٹیم میں واپسی کرتے ہوئے جذباتی لمحات کا سامنا کیا اور میدان میں واپسی پر آبدیدہ ہو گئے۔

ورلڈکپ 2026 کے دوران اسٹکاٹ لینڈ کے خلاف میچ میں نیمار تقریباً 981 دن بعد برازیل کی قومی ٹیم کی نمائندگی کرتے ہوئے میدان میں اترے جب کہ وہ میچ کے 76 ویں منٹ میں بطور متبادل کھلاڑی شامل ہوئے اور اور 21 منٹ میدان میں گزارے۔

نیمار کا 3 سال بعد ٹیم میں واپس آنا میچ کا سب سے جذباتی لمحہ تھا اور اس موقع پر اسٹیڈیم میں موجود شائقین نے کھڑے ہو کر ان کا بھرپور استقبال کیا۔

میچ کے بعد برازیلی نشریاتی ادارے گلوبو ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے نیمار نے کہا کہ ”میرا دل تیزی سے دھڑک رہا تھا، میں واقعی بہت گھبرایا ہوا تھا لیکن میں خوش ہوں اور فخر محسوس کر رہا ہوں، سب کچھ اچھا رہا۔“

34 سالہ نیمار کی واپسی طویل انتظار کے بعد ممکن ہوئی، وہ آخری مرتبہ 17 اکتوبر 2023 کو برازیل کی نمائندگی کرتے ہوئے میدان میں اترے تھے، جب انہیں بائیں گھٹنے کی سنگین انجری کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

اپنی فٹنس کے حوالے سے سوال پر برازیلین فٹبالر نے اعتماد کے ساتھ جواب دیا کہ وہ ”100 فیصد فٹ“ ہیں۔ نیمار کے لیے یہ عالمی کپ میں چوتھی شرکت ہے۔ اس سے قبل وہ ٹورنامنٹ کے ابتدائی 2 میچز دائیں پنڈلی کی انجری کے باعث نہیں کھیل سکے تھے۔

برازیلی فارورڈ کھلاڑی نے اپنی قومی ٹیم میں واپسی کے جشن کے حوالے سے بھی انکشاف کیا کہ انہوں نے 7 مرتبہ کے فارمولا ون عالمی چیمپئن لوئس ہملٹن سے متاثر ہو کر یہ انداز اپنایا۔

میچ کے بعد نیمار نے انسٹاگرام پر ایسی تصاویر شیئر کیں، جن میں وہ آخری سیٹی بجنے کے بعد میدان میں جذباتی ہو کر آبدیدہ دکھائی دیے۔ تصاویر کے ساتھ انہوں نے انگریزی میں ”REMEMBER WHO YOU ARE“ یعنی ”یاد رکھو تم کون ہو“ کا پیغام بھی تحریر کیا۔

یہی پیغام لوئس ہیملٹن نے بھی 14 جون کو سوشل میڈیا پر شیئر کیا تھا، جب انہوں نے بارسلونا میں Spanish Grand Prix جیتنے کے بعد اپنی پہلی فتح کا جشن منایا تھا۔ ہیملٹن اس سے قبل Ferrari کے ساتھ مشکل سیزن سے گزار رہے تھے اور اپنی کارکردگی کے حوالے سے سوالات کا سامنا کر رہے تھے۔

نیمار کی قومی ٹیم میں واپسی کو برازیلی فٹبال کے لیے ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے، خاص طور پر ایک طویل انجری کے بعد ان کی کامیاب واپسی نے شائقین کو بھی جذباتی کر دیا۔

Read Comments