آزاد سمندری راستے پوری دنیا کی ضرورت ہیں: وزیراعظم شہباز شریف

ایران امریکا امن معاہدہ پاکستان کے لیے اعزاز، دوست ممالک کے کیڈٹس کی شرکت پر خوشی ہے، نیول اکیڈمی میں پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب
اپ ڈیٹ 27 جون 2026 12:39pm

پاکستانی وزیراعظم شہباز شریف نے سمندر میں جہازوں کے آنے جانے کی آزادی اور بحری راستوں کی حفاظت کو پوری دنیا کے لیے بے حد ضروری قرار دیا ہے۔

وزیراعظم نے ہفتہ کو پاکستان نیول اکیڈمی میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خطے میں تیزی سے بدلتے ہوئے حالات نے اس بات کو سب سے زیادہ واضح کر دیا ہے کہ عالمی معیشت اور دنیا بھر میں سامان کی سپلائی کے نظام کو چلانے کے لیے سمندروں کا امن اور سیکیورٹی کس قدر اہمیت رکھتی ہے۔

اپنے خطاب کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے دنیا بھر کے سمندری راستوں کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے کہا کہ آج کے دور میں سمندر سے آزادانہ گزرنے کا حق اور بحری جہازوں کی نقل و حرکت کی آزادی اب کوئی عیاشی یا اضافی سہولت نہیں رہی، بلکہ یہ پوری دنیا کے لیے ایک لازمی ضرورت بن چکی ہے جس کے بغیر گزارا ممکن نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر سمندری راستے محفوظ نہیں ہوں گے تو دنیا بھر کی تجارت اور معیشت بری طرح متاثر ہو گی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان دنیا میں امن کا علمبردار بن کر کھڑا ہے اور ایران امریکا امن معاہدہ پاکستان کے لیے باعثِ اعزاز ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے پُرعزم ہے، جبکہ پاکستان نیوی نے معرکۂ حق میں شاندار کردار ادا کیا۔

وزیراعظم نے اس موقع پر پاکستان کی بحری فوج کی صلاحیتوں کی تعریف کی اور پاک بحریہ کے کردار کو سراہا۔ انہوں نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ پاکستان کی نیوی ایک ایسی طاقتور فورس ہے جو نہ صرف ہمارے ملک کا دفاع کرنے کی پوری صلاحیت رکھتی ہے، بلکہ اس اہم سمندری خطے میں امن و امان قائم رکھنے اور حالات کو سنبھالنے کے لیے ایک مضبوط اور مددگار قوت کے طور پر بھی اپنا کام کر رہی ہے۔

کراچی میں پاکستان نیول اکیڈمی پی این ایس رہبر میں 125ویں مڈشپ مین اور 33ویں شارٹ سروس کمیشن کورس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ کی پروقار تقریب منعقد ہوئی، جس کے مہمانِ خصوصی وزیراعظم شہباز شریف تھے۔

وزیراعظم کی آمد پر چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف نے ان کا استقبال کیا، جبکہ انہیں گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا۔ تقریب میں پاس آؤٹ ہونے والے کیڈٹس نے مادرِ وطن کے دفاع کے عزم کا حلف اٹھایا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان دنیا میں امن کا علمبردار بن کر کھڑا ہے اور ایران امریکا امن معاہدہ پاکستان کے لیے اعزاز کی حیثیت رکھتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس معاہدے کے لیے فیلڈ مارشل نے انتھک محنت کی، جس پر وہ انہیں خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ ایرانی صدر کے حالیہ دورۂ پاکستان سے دونوں برادر ممالک کے درمیان تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار بھی کیا کہ دونوں ممالک مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دیں گے۔

شہباز شریف نے کہا کہ معرکۂ حق میں پاکستان نیوی کا کردار انتہائی شاندار رہا، جبکہ ملک کو درپیش دہشت گردی کے واقعات میں بیرونی عناصر ملوث ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے مکمل عزم کے ساتھ کارروائیاں جاری رکھے گا۔

وزیراعظم نے پاسنگ آؤٹ پریڈ میں بحرین، عراق اور جبوتی سے تعلق رکھنے والے کیڈٹس کی شرکت پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دوست ممالک کے نوجوانوں کی پاکستان میں تربیت دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون کی عکاس ہے۔

تقریب کے دوران وزیراعظم نے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کیڈٹس میں اعزازات بھی تقسیم کیے۔ مڈشپ مین عمر مختار کو بہترین مجموعی کارکردگی پر اعزازی شمشیر سے نوازا گیا، جبکہ آفیسر کیڈٹ حافظ محمد احمد نے چیف آف ڈیفنس فورسز گولڈ میڈل حاصل کیا۔ آفیسر کیڈٹ الویرا حمزہ کو کمانڈنٹ گولڈ میڈل دیا گیا، جبکہ اکیڈمی ڈرک مڈشپ مین ہادی عباس خان کے حصے میں آئی۔

تقریب میں وزیر دفاع خواجہ آصف، وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ، گورنر سندھ کامران ٹیسوری اور وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سمیت اعلیٰ سول و عسکری حکام نے بھی شرکت کی۔

Read Comments