ایران اور امریکا کے تازہ حملے: پاکستان اور بحرین کا ہنگامی مشاورتی رابطہ
نائب وزیرِ اعظم اور وزیرِخارجہ اسحاق ڈار سے بحرین کےوزیرِخارجہ ڈاکٹر عبداللطیف بن راشد نے ٹیلیفون پر رابطہ کیا،جس میں اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر دستخط کے بعد خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
یہ رابطہ اس وقت ہوا جب بحرین نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے ایران کی جانب سے بھیجے گئے متعدد میزائلوں اور ڈرونز کو فضا میں ہی تباہ کر دیا ہے۔
بات چیت کے دوران اسحاق ڈار نے خطے کی صورتحال کو “ارتقائی” قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ پیش رفت 18 جون کو اسلام آباد میں امریکا اور ایران کے درمیان طے پانے والے مفاہمتی یادداشت کے بعد سامنے آئی ہے۔
انہوں نے اس موقع پر پاکستان کے اس عزم کو دہرایا کہ خطے اور اس سے آگے امن و استحکام کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری کو فروغ دیا جائے گا۔
دونوں وزرائے خارجہ نے موجودہ صورتحال پر قریبی رابطے جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا۔