علی خامنہ ای کی تعزیتی تقریبات کی تیاریاں: ایران اور عراق کی مشترکہ کمیٹی قائم
ایران کے سابق سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کی آخری رسومات اور تعزیتی تقریبات کی تیاریاں حتمی مرحلے میں داخل ہو گئی ہیں۔ اس سلسلے میں کچھ تقریبات ایران جب کہ کچھ عراق میں شیڈول ہیں، اسی سلسلے میں دونوں ملکوں نے انتظامات کی نگرانی کے لیے اعلیٰ سطح کی مشترکہ کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔
ایران کے وزیرِ خارجہ عباس عراقچی نے بغداد میں اپنے عراقی ہم منصب فواد حسین کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایران نئی عراقی حکومت کے ساتھ تعلقات کو مزید وسعت دینے کے لیے پُرعزم ہے۔
اس موقع پر انہوں نے بتایا کہ اپنے دورۂ عراق کے دوران وہ ایران کے رہنما آیت اللہ سید مجتبیٰ خامنہ ای اور صدر مسعود پزشکیان کا تہنیتی پیغام بھی عراقی قیادت تک پہنچا چکے ہیں۔
عباس عراقچی کے مطابق ان کے دورے کے مقاصد میں سے ایک اہم مقصد عراق میں آیت اللہ سید علی خامنہ ای کی آخری رسومات اور تعزیتی تقریبات کے سلسلے میں انتظامات کو حتمی شکل دینا ہے۔
عباس عراقچی کا کہنا تھا کہ عراقی حکومت کے تعاون اور عراق کے لاکھوں شہریوں کی خواہش پر بغداد، کاظمیہ، کربلا اور نجف میں بھی سابق سپریم لیڈر کی تعزیتی تقریبات منعقد کی جا رہی ہیں۔
انہوں نے عراقی وزیراعظم کی جانب سے ان تقریبات کے انتظامات کی نگرانی کے لیے خصوصی کمیٹی قائم کرنے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ایرانی اور عراقی حکام اس مشترکہ کمیٹی کے ساتھ اجلاسوں میں انتظامات کو حتمی شکل دیں گے تاکہ تقریبات باوقار اور منظم انداز میں منعقد کی جا سکیں۔
واضح رہے کہ ایرانی حکام کے جاری کردہ شیڈول کے مطابق سابق سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کی آخری رسومات کا آغاز 4 جولائی سے تہران میں ہو گا۔ دو روز تک تہران میں الوداعی تقریبات ہوں گی، جہاں ان کی میت کو آخری دیدار کے لیے رکھا جائے گا۔
شیڈول کے مطابق 6 جولائی کو تہران میں باضابطہ جنازے کی تقریبات منعقد ہوں گی۔ تہران کے ڈپٹی میئر نے اندازہ ظاہر کیا تھا کہ صرف تہران شہر میں تقریباً 2 کروڑ افراد کی آمد کے پیشِ نظر لاجسٹکس اور ٹرانسپورٹ کے غیر معمولی انتظامات کیے جا رہے ہیں۔
سات جولائی کو میت ایران کے مقدس شہر قُم منتقل کی جائے گی جہاں تعزیتی اور دعائیہ تقریبات منعقد کی جائیں گی۔
ایرانی اور عراقی حکام کے مطابق 8 جولائی کو سابق سپریم لیڈر کی میت کو عراق لایا جائے گا جہاں بغداد، کاظمیہ، کربلا اور نجف میں آیت اللہ علی خامنہ ای کی یاد میں تعزیتی تقریبات اور جلوس نکالے جائیں گے۔
جس کے بعد 9 جولائی کو ان کے آبائی شہر مشہد میں جنازے کی مرکزی تقریب کے بعد آیت اللہ علی خامنہ ای کو مشہد میں ہی واقع مقدس ترین مقام ’حرمِ امام رضا‘ میں سپردِ خاک کر دیا جائے گا۔
ایرانی حکام کے مطابق مختلف شہروں میں ہونے والی سوگوار تقریبات میں دو کروڑ تک افراد کی شرکت متوقع ہے، جس کے باعث سکیورٹی اور انتظامی تیاریاں تیز کر دی گئی ہیں۔