پی آئی اے کی نجکاری کا عمل مکمل، ایئرلائن کا کنٹرول نئی انتظامیہ کے حوالے
پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) کی 180 ارب روپے کی نجکاری کا عمل مکمل کر لیا گیا ہے، جس کے بعد پی آئی اے کے شیئرز نئی انتظامیہ کو منتقل کر دیے گئے ہیں جب کہ نئی انتظامیہ نے فوری طور پر نیا بورڈ آف ڈائریکٹرز تشکیل دے کر جنرل انور علی حیدر کو متفقہ طور پر چیئرمین منتخب کر لیا ہے۔
پی آئی اے کی نجکاری کے تحت 180 ارب روپے میں ملکیت کی منتقلی کا عمل مکمل ہو گیا ہے، جس کے بعد پی آئی اے کی ایکویٹی لمیٹڈ نے باضابطہ طور پر ایئرلائن کا انتظامی کنٹرول سنبھال لیا ہے۔
نجکاری کے بعد پی آئی اے کے شیئرز نئی انتظامیہ کو منتقل کر دیے گئے جب کہ نئی انتظامیہ نے فوری طور پر بورڈ آف ڈائریکٹرز تشکیل دے دیا ہے۔
نئے بورڈ آف ڈائریکٹرز میں جنرل انور علی حیدر، جہانگیر پراچہ، گوہر اعجاز، عارف حبیب، فضل شیخ، عقیل کریم ڈھیڈی اور فرزانہ فیروز شامل ہیں۔ بورڈ کے پہلے اجلاس میں متفقہ طور پر جنرل انور علی حیدر کو چیئرمین بورڈ آف ڈائریکٹرز منتخب کر لیا گیا۔
اس موقع پر سابق وفاقی وزیر گوہر اعجاز نے پی آئی اے کی نجکاری کے عمل کی کامیاب تکمیل پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ گزشتہ 20 برسوں میں پہلی اور اب تک کی سب سے بڑی نجکاری ہے۔
دوسری جانب پی آئی اے ایکویٹی لمیٹڈ کے چیئرمین کا کہنا ہے کہ نئی انتظامیہ ایئرلائن کو عالمی معیار کی فضائی کمپنی بنانے کے لیے اقدامات کرے گی۔
دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے پی آئی اے کی نجکاری کے پہلے مالی مرحلے کی کامیاب تکمیل اور ایئرلائن کا انتظام سرمایہ کار کنسورشیم کے حوالے کیے جانے کو پاکستان کے معاشی اصلاحاتی سفر میں ایک اہم سنگ میل قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس اقدام سے قومی ایئرلائن کی بحالی اور ملکی معیشت پر سرمایہ کاروں کا اعتماد مزید مضبوط ہوگا۔
پیر کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ پی آئی اے کی نجکاری کے پہلے مالی مرحلے (فرسٹ فنانشل کلوزنگ) کی کامیاب تکمیل اور انتظامی کنٹرول کی سرمایہ کار کنسورشیم کو منتقلی قومی ایئرلائن کے لیے ایک نئے باب کا آغاز ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ پی آئی اے کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور اسے مزید مضبوط بنانے کے لیے ہونے والی بڑی سرمایہ کاری سے ایئرلائن کی بحالی کی بنیاد رکھی جا رہی ہے جب کہ اس اقدام سے پاکستان پر سرمایہ کاروں کے اعتماد کو بھی تقویت ملے گی۔
شہباز شریف نے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی خدمات کو سراہتے ہوئے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور ان کی ٹیم کو خصوصی خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے وزیراعظم کے مشیر برائے نجکاری محمد علی، وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب، نجکاری کمیشن اور اس عمل میں شامل تمام متعلقہ اداروں اور افراد کی پیشہ ورانہ مہارت، عزم اور انتھک کوششوں کو بھی سراہا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ حکومت ایسے جرات مندانہ معاشی اصلاحاتی اقدامات جاری رکھے گی جو ملکی معیشت کو مضبوط، عوام کے لیے نئے مواقع پیدا کرنے اور پاکستان کے مزید خوشحال مستقبل کی راہ ہموار کرنے میں معاون ثابت ہوں گے۔