غیر ملکی خواتین سے زیادتی و اغواء کا کیس: 4 ملزمان کا جسمانی ریمانڈ منظور

عدالت نے پولیس کو آئندہ سماعت پر تفتیشی رپورٹ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔
شائع

لاہور کی مقامی عدالت نے غیر ملکی خواتین سے مبینہ زیادتی اور اغواء کے مقدمے میں وکلاء کے دلائل سننے کے بعد چاروں ملزمان کا 5 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا ہے۔

لاہور کی کینٹ کچہری کے جوڈیشل مجسٹریٹ اظہر محمود نے کیس کی سماعت کی، پولیس نے مقدمے میں گرفتار چاروں ملزمان کو سخت سیکیورٹی میں کینٹ کچہری میں کی عدالت میں پیش کیا، جہاں تمام ملزمان کی حاضری مکمل کرائی گئی۔ سماعت کے دوران فاضل جج نے ملزمان کے چہروں سے ماسک اتروا دیے۔

پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ متاثرہ خواتین غیر ملکی ہیں اور مقدمے میں رضا ڈار سمیت دیگر ملزمان کو نامزد کیا گیا ہے۔

سرکاری وکیل نے بتایا کہ ملزمان پر غیر ملکی خواتین سے زیادتی اور اغوا کا الزام ہے، ملزمان کے اقدام سے ملکی بدنامی ہوئی، ملزمان سے تفتیش کرنے کے لیے 14 روزہ جسمانی ریمانڈ دیا جائے۔

عدالت نے پولیس کی 14 روزہ ریمانڈ کی درخواست مسترد کرتے ہوئے 5 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا اور پولیس کو آئندہ سماعت پر تفتیشی رپورٹ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔ یاد رہے کہ ملزمان پر تھانہ ڈیفنس پولئس نے مقدمہ درج کر رکھا ہے۔

دونوں غیر ملکی خواتین پاکستان سے روانہ

دوسری جانب لاہور میں غیر ملکی خواتین کے اغواء اور مبینہ زیادتی کا شکار دونوں غیر ملکی خواتین پاکستان سے روانہ ہو گئیں، دونوں غیر ملکی خواتین آج اپنے اپنے ملک روانہ ہوئیں۔

پولیس ذرائع کے مطابق متاثرہ خواتین اور ملزمان کے درمیان کرپٹو کرنسی میں شراکت داری موجود تھی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزمان کرپٹو کرنسی میں منافع کے دعوے دار تھے اور خواتین کو مزید سرمایہ کاری کا جھانسہ دے کر پاکستان بلایا گیا تھا۔

پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ مرکزی ملزم رضا ڈار خواتین کو ڈیفنس لے گیا، جہاں پہلے سے موجود اس کے ساتھیوں نے مبینہ طور پر خواتین کا جنسی استحصال کیا۔ تحقیقات کے مطابق ملزمان کرپٹو کرنسی میں مبینہ منافع کی مد میں ڈیڑھ ملین ڈالر کا مطالبہ کرتے رہے، جسے تاوان کی شکل دی گئی۔

ڈی آئی جی انوسٹی گیشن کے مطابق دونوں خواتین کی میڈیکل رپورٹ پولیس کو موصول ہوگئی ہے، جس کی روشنی میں مزید تفتیش مکمل کی جائے گی، پولیس ذرائع کے مطابق دونوں خواتین آج صبح پاکستان سے روانہ ہوگئی ہیں، رضا ڈار ،حسن، رحیم اور نوید گرفتار ہیں جب کہ ملزمان میں سے ایک تاحال فرار ہے۔

Read Comments