ٹیلر سوئفٹ اور ٹریوس کیلسی کے لیے ٹرمپ کا انوکھا 'تحفہ'

ٹیلر سوئفٹ کے ساتھ جاری اختلافات ایک بار پھر خبروں کی زینت بن گئے۔
شائع

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ٹیلر سوئفٹ اور ٹریوس کیلس کی شادی کے بعد ایک انوکھا اور حیران کن پیغام جاری کیا ہے جس نے سب کی توجہ اپنی طرف کھینچ لی۔

ٹیلر سوئفٹ اور ٹریوس کیلسی کی شادی 3 جولائی کو نیویارک کے مشہور مقام میڈیسن اسکوائر گارڈن میں ہوئی، جس میں متعدد معروف شخصیات نے شرکت کی۔

شادی کے بعد جب باہر لگی بڑی اسکرینوں پر دولہا دلہن کے لیے مبارکباد کا پیغام ”جسٹ ٹی اینڈ میرڈ“ چمکا، تو امریکی صدر کے سرکاری دفتر وائٹ ہاؤس کی طرف سے مصنوعی ذہانت (اے آئی) سے تیار کردہ ایک تصویر شیئر ہوئی۔ اس تصویرمیں گلابی رنگ کی روشن اسکرینوں پر ”ٹرمپ آپ کے صدر ہیں“ کا پیغام دکھایا گیا، جبکہ اس کے ساتھ مختصر کیپشن لکھا گیا، ”یہ ہو گیا“۔

یہ پوسٹ اس لیے بھی نمایاں رہی کیونکہ ڈونلڈ ٹرمپ اور ٹیلر سوئفٹ کے درمیان کئی برسوں سے اختلافات چلے آ رہے ہیں۔ اس سے ایک روز قبل بھی وائٹ ہاؤس نے ایک اور تصویر شیئر کی تھی، جس میں ٹرمپ کو امریکہ کے سابق صدور اور ملکی تاریخ کے اہم واقعات کے ساتھ دکھایا گیا تھا۔

تصویر پر ”امریکاز ایراز ٹور“ لکھا گیا تھا، جو ٹیلر سوئفٹ کے مشہور ”ایراز ٹور“ کی طرز پر تیار کیا گیا تھا۔ اس پوسٹ کے ساتھ کیپشن میں ٹیلر سوئفٹ کے ایک مشہور گانے کے بول بھی لکھے گئے تھے۔

ٹرمپ اور ٹیلر سوئفٹ کے درمیان اختلافات 2024 کے صدارتی انتخابات کے دوران مزید نمایاں ہوئے تھے، جب ٹیلر سوئفٹ نے ڈیموکریٹک امیدوار کملا ہیرس کی حمایت کا اعلان کیا تھا۔ اس پرسخٹ غصے میں آکر ڈونلڈ ٹرمپ نے سر عام کہہ دیا تھا کہ مجھے ٹیلر سوئفٹ سے نفرت ہے۔

بعد ازاں ٹرمپ نے ایک اور سوشل میڈیا پوسٹ میں لکھا، ’کیا کسی نے نوٹ کیا ہے کہ جب سے میں نے کہا کہ مجھے ٹیلر سوئفٹ سے نفرت ہے، تب سے وہ پہلے جیسی مقبول نہیں رہی؟‘

تاہم گزشتہ سال جب ٹیلر سوئفٹ اور ٹریوس کیلسی کی منگنی ہوئی تھی تو ڈونلڈ ٹرمپ نے دونوں کو نیک خواہشات پیش کی تھیں۔ اس موقع پر انہوں نے ٹریوس کیلسی کو ”بہترین انسان“ جبکہ ٹیلر سوئفٹ کو ”شاندار شخصیت“ قرار دیتے ہوئے ان کی آئندہ زندگی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا تھا۔

لیکن اب شادی کے موقع پر دوبارہ ایسے پیغامات سامنے آنے سے لوگ حیران ہیں کہ یہ شادی کا تحفہ ہے یا کوئی پرانا بدلہ۔

Read Comments