کرک اور کوہاٹ میں پولیس کا انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن، 4 دہشت گرد ہلاک
خیبرپختونخوا کے ضلع کرک میں کرک اور کوہاٹ پولیس نے مشترکہ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن (آئی بی او) کے دوران چار دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔ سنٹرل پولیس آفس کے مطابق مارے جانے والے دہشت گرد کمانڈر زاہد گروپ سے تعلق رکھتے تھے اور پولیس پر متعدد حملوں میں ملوث تھے۔
سنٹرل پولیس آفس (سی پی او) کے مطابق کرک اور کوہاٹ پولیس نے خٹک ڈیم کے علاقے میں خفیہ اطلاع پر مشترکہ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا۔
ترجمان کے مطابق آپریشن کے دوران دہشت گردوں نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کی، جس کا بھرپور جواب دیا گیا۔ فائرنگ کے تبادلے میں چار دہشت گرد مارے گئے۔
سی پی او کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کا تعلق کمانڈر زاہد گروپ سے تھا، جو متعدد پولیس افسران اور اہلکاروں کی شہادت میں ملوث رہا ہے۔
بیان کے مطابق یہ دہشت گرد 2025 اور 2026 کے دوران پولیس پر ہونے والے کئی حملوں اور اہلکاروں کو نشانہ بنانے کی وارداتوں میں مطلوب تھے۔
سنٹرل پولیس آفس نے واضح کیا کہ صوبے سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک پولیس کی کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی اور آخری دہشت گرد کے خاتمے تک آپریشنز کا سلسلہ نہیں رکے گا۔
