سکھر، کندھ کوٹ اور کشمور سمیت سندھ کے مختلف اضلاع میں بارشیں؛ سڑکیں زیرِ آب، بجلی معطل
سندھ کے مختلف شہروں میں رات سے طوفانی ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش کا سلسلہ جاری ہے، جس کے باعث گرمی اور حبس کا زور ٹوٹ گیا ہے اور موسم خوشگوار ہو گیا ہے۔ تاہم، کئی اضلاع میں سڑکیں زیرِ آب آگئی ہپیں اور بجلی بھی معطل ہوگئی ہے۔
گزشتہ رات کندھ کوٹ، خیرپور، کشمور، سکھر اور پنوعاقل سمیت متعدد علاقوں میں بادل جم کر برسے۔ شدید بارش کے بعد جہاں شہریوں نے گرمی سے نجات ملنے پر سکھ کا سانس لیا ہے، وہیں نشیبی علاقے زیرِ آب آنے اور بجلی کی فراہمی معطل ہونے سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا بھی کرنا پڑ رہا ہے۔
کندھ کوٹ میں رات گئے سے وقفے وقفے سے تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ بارش کے باعث شہر کے کئی اہم راستوں اور سڑکوں پر پانی جمع ہو گیا ہے جس سے آمدورفت شدید متاثر ہوئی ہے، جبکہ تیز ہواؤں کی وجہ سے متعدد بجلی کے فیڈرز بند ہو گئے ہیں۔
دوسری جانب خیرپور اور اس کے گردونواح میں بھی طوفانی ہواؤں کے ساتھ شدید برسات ہوئی، جس سے گرمی کی شدت میں نمایاں کمی آئی ہے تاہم شہر کے بیشتر علاقوں میں بجلی غائب ہو گئی۔
کشمور، گڈو، بخشاپور اور بڈانی میں بھی بادل کھل کر برسے، جہاں نشیبی علاقوں میں پانی بھر گیا اور تمام بجلی کے فیڈرز ٹرپ کر جانے سے علاقہ تاریکی میں ڈوب گیا۔
سکھر شہر اور اس کے اطراف میں گرج چمک کے ساتھ ہونے والی موسلا دھار بارش سے ایک درجن سے زائد فیڈرز بند ہو گئے اور نشیبی علاقے زیرِ آب آ گئے۔ مقامی ذرائع کے مطابق اس طوفانی بارش سے کھجور کی فصل کو جزوی طور پر نقصان پہنچنے کا اندیشہ بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔
پنوعاقل اور اس کے گردونواح میں بھی تیز اور ٹھنڈی ہواؤں کے ساتھ بارش کا سلسلہ جاری ہے جس سے درجہ حرارت میں نمایاں کمی آئی۔ تاہم تیز ہواؤں کے باعث کئی بجلی کے فیڈرز بند ہو گئے جس سے پورا شہر اندھیرے میں ڈوب گیا۔
انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کو سڑکوں سے پانی کی نکاسی اور بجلی کے نظام کی بحالی کے لیے فوری اقدامات کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ عوام کی مشکلات کو کم کیا جا سکے۔