امریکا ایرانی یورینیم پر قبضہ کرنے کے لیے بڑے آپریشن پر غور کر رہا ہے: نیویارک پوسٹ کا دعویٰ

یہ آپریشن انتہائی خطرناک ہوگا: ماہرین
شائع 26 جولائ 2026 02:53pm

ایک امریکی رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ اگر ایران کے جوہری پروگرام سے متعلق سفارتی کوششیں ناکام ہوئیں تو امریکا ایران کی محفوظ جوہری تنصیبات میں موجود یورینیم کے ذخیرے پر قبضہ کرنے کے لیے بڑے پیمانے پر خصوصی فوجی آپریشن کا آپشن زیر غور لا سکتا ہے۔ رپورٹ کے مطابق اس ممکنہ کارروائی کو عسکری تاریخ کے پیچیدہ ترین آپریشنز میں شمار کیا جا رہا ہے۔

امریکی اخبار نیویارک پوسٹ کی رپورٹ میں ماہرین کے حوالے سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ امریکی اسپیشل آپریشنز فورسز ایسے ممکنہ آپریشن کی تیاری کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لے رہی ہیں، جس کے تحت ایران کی محفوظ جوہری تنصیبات میں موجود یورینیم کو قبضے میں لے کر ملک سے باہر منتقل کیا جا سکے۔

رپورٹ کے مطابق بعض ماہرین نے اس مشن کو عسکری تاریخ کے سب سے پیچیدہ فوجی آپریشنز میں سے ایک قرار دیا ہے، کیوں کہ اس کے لیے ایرانی سرزمین کے اندر وسیع لاجسٹک انتظامات اور سخت سکیورٹی اقدامات درکار ہوں گے۔

سینٹر فار اسٹریٹجک اینڈ انٹرنیشنل اسٹڈیز کے نائب ڈائریکٹر جوزف راجرز کا کہنا ہے کہ ایران کے موجودہ جوہری مواد سے نمٹنے کے لیے فوجی آپشن سب سے مؤثر راستہ ثابت ہو سکتا ہے۔ ان کے مطابق سفارتی مذاکرات میں تاحال تیز رفتار پیش رفت دیکھنے میں نہیں آئی۔

رپورٹ میں ملٹری پلاننگ سے واقف ایک باخبر ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ اس منصوبے کے تحت جوہری تنصیبات کے گرد سکیورٹی فراہم کرنے، رکاوٹیں اور دھماکہ خیز مواد ہٹانے اور محفوظ راہداریاں قائم کرنے کے لیے ہزاروں فوجیوں کی تعیناتی کی ضرورت پڑ سکتی ہے۔ اس کے بعد اسپیشل فورسز کی چھوٹی ٹیمیں غنی شدہ یورینیم تک رسائی حاصل کرکے اسے ایران سے باہر منتقل کرنے کی ذمہ داری سنبھالیں گی۔

نیویارک پوسٹ کے مطابق یہ آپریشن انتہائی خطرناک ہوگا۔ جوزف راجرز نے کہا کہ اگرچہ ایرانی فوجی صلاحیتوں میں کچھ کمی آئی ہے، تاہم جنگی ماحول اور محفوظ جوہری تنصیبات کی وجہ سے یہ لاجسٹک اعتبار سے دنیا کے پیچیدہ ترین فوجی آپریشنز میں شمار ہو سکتا ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا کہ اس ممکنہ کارروائی میں سیل ٹیم 6، رینجرز کی دوسری بٹالین اور خطرناک مواد اور بارودی مواد سے نمٹنے والی 21 ویں کمپنی کے اہلکار شامل ہو سکتے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق یہ کمپنی غنی شدہ یورینیم کو محفوظ طریقے سے سنبھالنے اور منتقل کرنے کی ذمہ دار ہوگی۔

نیویارک پوسٹ کے مطابق بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی نے 2025 میں اندازہ لگایا تھا کہ ایران کے پاس 20 ہزار پاؤنڈ سے زائد غنی شدہ یورینیم موجود ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ اس نوعیت کے کسی بھی آپریشن کی کامیابی کے لیے جوہری تنصیبات کے گرد مضبوط سکیورٹی حصار قائم کرنا اور زمینی و فضائی انخلا کی راہداریاں محفوظ بنانا ضروری ہوگا، جبکہ امریکی فورسز کو ممکنہ ایرانی حملوں کا بھی مقابلہ کرنا پڑے گا۔

صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ میں امریکی قومی سلامتی کونسل کے سابق عہدیدار اور ایران کے مہلک ہتھیاروں سے متعلق امور کے سابق ڈائریکٹر رچرڈ گولڈ برگ کا کہنا ہے کہ سب سے بڑا چیلنج محفوظ انخلا مکمل ہونے تک امریکی فورسز کی اپنی پوزیشن برقرار رکھنے کی صلاحیت ہوگی۔

انہوں نے مزید کہا کہ انٹیلی جنس رپورٹس کے مطابق ایران نے اصفہان کی جوہری تنصیب کے گرد اپنی دفاعی تیاریوں کو مزید مضبوط کیا ہے، اضافی فورسز تعینات کی گئی ہیں اور دھماکہ خیز مواد بھی نصب کیا گیا ہے۔

رچرڈ گولڈ برگ کے مطابق اب اچانک کارروائی کا عنصر بھی پہلے جیسا نہیں رہا، کیوں کہ جوہری تنصیبات کے مقامات دونوں فریقوں کے علم میں ہیں۔

رپورٹ میں یہ دعویٰ بھی کیا گیا کہ ایران نے کسی بھی ممکنہ دراندازی کے پیش نظر اصفہان کی تنصیب کی سرنگوں میں بارودی سرنگیں اور دھماکہ خیز مواد نصب کر رکھا ہے۔ اسی طرح نطنز کے قریب واقع جبل بیکیکس گزشتہ ماہ سینکڑوں سینٹری فیوجز وہاں منتقل کیے جانے کی اطلاعات کے بعد ایک نئے ممکنہ ہدف کے طور پر سامنے آیا ہے۔

رچرڈ گولڈ برگ کا کہنا تھا کہ جبل بیکیکس کو نشانہ بنانے والے کسی بھی آپریشن میں یا تو اس تنصیب کو مکمل طور پر تباہ کرنے یا فضائی حملے مؤثر نہ ہونے کی صورت میں خصوصی فوجی کارروائی کے ذریعے اسے ناکارہ بنانے پر توجہ دی جا سکتی ہے۔ ان کے مطابق اس منصوبے کی کامیابی کا انحصار تنصیب کے ڈیزائن اور اس کی کمزوریوں سے متعلق درست انٹیلی جنس معلومات پر ہوگا۔

رپورٹ میں واضح کیا گیا ہے کہ امریکی محکمہ دفاع یا وائٹ ہاؤس کی جانب سے اب تک کسی ایسے عملی منصوبے کی سرکاری طور پر تصدیق نہیں کی گئی۔

Read Comments