آبنائے ہرمز میں بارودی سرنگ سے ٹکرانے کے بعد آئل ٹینکر دھماکے سے تباہ
ایرانی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ عالمی سطح پر انتہائی اہم سمندری گزرگاہ آبنائے ہرمز میں ایران کی جانب سے مقررہ بحری راستے سے انحراف کرنے والا ایک تیل بردار جہاز (آئل ٹینکر) بارودی سرنگ سے ٹکرانے کے بعد دھماکے سے تباہ ہو گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق آئل ٹینکر نے اپنا ریڈار سسٹم بھی بند کر رکھا تھا اور وہ ایران کے اعلان کردہ محفوظ نیوی گیشن روٹ سے ہٹ گیا تھا۔
ایرانی خبر رساں ادارے تسنیم کی رپورٹ کے مطابق آبنائے ہرمز میں ایک آئل ٹینکر بحری بارودی سرنگ سے ٹکرا گیا، جس کے نتیجے میں ٹینکر میں زور دار دھماکا ہوا اور وہ تباہ ہوگیا۔
رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ آئل ٹینکر ایران کی جانب سے مقررہ محفوظ بحری راستے سے ہٹ گیا تھا اور اس نے اپنا ریڈار سسٹم بھی بند کر رکھا تھا۔ بتایا گیا ہے کہ یہ واقعہ چند گھنٹے قبل اس وقت پیش آیا جب آئل ٹینکر نے ایران کے اعلان کردہ نیوی گیشن روٹ کی خلاف ورزی کرتے ہوئے محفوظ بحری ٹریفک راہداری چھوڑ دی۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق آئل ٹینکر ایران کی جانب سے مختص کردہ بحری راہداری سے انحراف کرتے ہوئے ایسے علاقے میں داخل ہوگیا تھا جو محفوظ بحری ٹریفک روٹ سے باہر تھا۔
ایرانی میڈیا کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران اس سے قبل متعدد بار خبردار کر چکا تھا کہ مقررہ بحری راستے سے ہٹنے والے جہازوں کو اس کے نتائج اور مضمرات کا سامنا کرنا پڑے گا اور ایسے کسی بھی واقعے کی ذمہ داری متعلقہ جہاز پر عائد ہوگی۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ ایران نے آبنائے ہرمز جیسے اہم اور اسٹریٹجک آبی گزرگاہ پر اپنے خود مختار حقوق پر زور دیتے ہوئے واضح کیا تھا کہ مقررہ نیوی گیشن روٹ کی خلاف ورزی کرنے والے بحری جہاز نتائج کے خود ذمہ دار ہوں گے۔
ایرانی میڈیا کی رپورٹ میں واقعے کے نتیجے میں ہونے والے ممکنہ جانی یا مالی نقصان، ٹینکر کی ملکیت یا عملے کی صورت حال سے متعلق مزید تفصیلات جاری نہیں کی گئیں جب کہ اس دعوے کی آزاد ذرائع سے تصدیق بھی نہیں ہو سکی ہے۔