آزاد کشمیر انتخابات: میرپور ڈویژن میں پولنگ جاری، دو پریزائیڈنگ افسران گرفتار

آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے عام انتخابات کے پہلے مرحلے کے لیے میرپور ڈویژن کے تین اضلاع میں پولنگ کا عمل جاری ہے۔...
اپ ڈیٹ 27 جولائ 2026 10:40am

آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے عام انتخابات کے پہلے مرحلے کے لیے میرپور ڈویژن کے تین اضلاع میں پولنگ کا عمل جاری ہے۔ اس دوران ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر دو پریزائیڈنگ افسران کو گرفتار بھی کیا گیا ہے۔

میرپور، بھمبر اور کوٹلی کے تیرہ انتخابی حلقوں میں صبح آٹھ بجے سے شروع ہونے والی پولنگ شام پانچ بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہے گی۔

اس انتخابی معرکے میں 25 سیاسی جماعتوں کے نمائندوں اور آزاد امیدواروں سمیت 290 سے زائد امیدوار اپنی قسمت آزما رہے ہیں، جبکہ 14 لاکھ سے زائد رجسٹرڈ ووٹرز کو اپنا حق رائے دہی استعمال کرنے کا موقع ملا ہے۔

خصوصی طور پر حلقہ ایل اے 3 میرپور، ایل اے 6 بھمبر اور ایل اے 10 کوٹلی میں پاکستان پیپلز پارٹی، مسلم لیگ (ن) اور استحکام پاکستان پارٹی کے امیدواروں کے درمیان انتہائی کانٹے دار مقابلے کی توقع کی جا رہی ہے۔

الیکشن کو پرامن اور شفاف بنانے کے لیے خطے میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں، جہاں پاک فوج کے دستوں اور پولیس سمیت 19 ہزار سے زائد اہلکار فرائض انجام دے رہے ہیں۔

انتخابی عمل کے دوران ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر فوری ایکشن بھی دیکھنے میں آیا ہے۔

کوٹلی میں دو پریزائیڈنگ افسران پولنگ اسٹیشن جانے کے بجائے انتخابی سامان کے بیگز لے کر ایک نجی رہائش گاہ پہنچ گئے تھے، جس پر انتظامیہ نے فوری کارروائی کرتے ہوئے دونوں افسران کو معطل کر کے گرفتار کر لیا اور انتخابی سامان تحویل میں لے لیا۔

اس واقعے کے فوراً بعد نئے پریزائیڈنگ افسران کو تعینات کر کے پولنگ اسٹیشنز پر روانہ کر دیا گیا تاکہ ووٹنگ کے عمل میں کوئی رکاوٹ نہ آئے۔

انتخابی ماحول کو پرامن رکھنے کے حوالے سے ترجمان نے بتایا کہ ”حکام کی جانب سے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر دونوں پریزائیڈنگ افسران کو معطل کر کے گرفتار کر لیا گیا ہے اور ان کے خلاف انتخابی قوانین کے تحت قانونی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے“۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے تمام تر سیکیورٹی اور انتظامی تیاریاں مکمل کی گئی ہیں اور حساس پولنگ اسٹیشنوں پر اضافی نفری بھی تعینات ہے۔

الیکشن کمیشن نے شہریوں کو پرامن ماحول کی فراہمی کا یقین دلاتے ہوئے عوام سے اپیل کی ہے کہ ”تمام ووٹرز ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے انتخابی عمل میں بھرپور شرکت کریں اور پرامن ماحول برقرار رکھنے میں اپنا کردار ادا کریں“۔

Read Comments