'اپنے والد کی موت کا منصوبہ بنانے میں مدد کی': بھارتی اداکار رام کپور کا انکشاف

ان کی والدہ اور بہن آج تک ان سے ناراض ہیں۔
شائع 28 جولائ 2026 10:42am

بھارتی اداکار رام کپور نے ریئلٹی شو ”لاک اپ: سچ یا سزا“ میں اپنی زندگی کا ایک ایسا دکھ بھرا راز بتایا ہے جس نے وہاں موجود تمام شرکا اور ناظرین کو جذباتی کر دیا۔ اداکار نے انکشاف کیا کہ جب ان کے والد انیل کپور کو دوبارہ کینسر ہوا تو انہوں نے مزید علاج کروانے سے انکار کر دیا اور اپنے اخری وقت کی منصوبہ بندی میں بیٹے کی مدد مانگی۔

اس دردناک واقعے کا ذکر کرتے ہوئے رام کپور نے کہا کہ میں نے اپنے والد کی ان کے اخری وقت کی منصوبہ بندی کرنے میں مدد کی۔

رام کپور کے مطابق، ان کے والد 73 برس کی عمر میں لبلبے (پینکریاز) کے کینسر میں دوبارہ مبتلا ہو گئے تھے۔ اس سے قبل وہ ایک مرتبہ اس بیماری کا مقابلہ کر چکے تھے، لیکن دوسری بار انہوں نے علاج نہ کروانے کا فیصلہ کیا۔ رام کپور نے بتایا کہ یہ سب کورونا وبا کے دوران ہوا۔

اداکار نے شو میں گفتگو کرتے ہوئے کہا، “میرے والد نے مجھے فون کر کے کہا کہ وہ اب اس بیماری سے مزید نہیں لڑنا چاہتے۔ وہ دنیا سے رخصت ہونا چاہتے تھے، لیکن اکیلے نہیں۔ انہوں نے مجھ سے پوچھا، ’کیا تم میری موت کے سفر میں میرا ساتھ دو گے؟“

رام کپور نے مزید بتایا، ”انہوں نے مجھے یقین دلایا کہ اگر میں ان کا ساتھ نہ دوں تو وہ یہ سب اکیلے کریں گے۔ اس وقت میرے پاس ان کی خواہش کا احترام کرنے کے سوا کوئی راستہ نہیں تھا۔“

اداکار کے مطابق، جب ان کے والد کو انتہائی نگہداشت کے وارڈ (آئی سی یو) میں منتقل کیا گیا تو وہ ہر وقت ان کے ساتھ رہے۔ انہوں نے کہا، ”کوئی نہیں جانتا تھا کہ ان کا کوئی علاج نہیں ہو رہا۔ وہ صرف یہ چاہتے تھے کہ میں ان کا ہاتھ تھامے رکھوں۔ انہیں موت سے نہیں، اکیلے ہونے سے خوف آتا تھا۔“

رام کپور نے بتایا کہ ان کے والد نے یہ بھی کہا تھا کہ وہ نہیں چاہتے کہ ان کے جنازے پر کوئی روئے۔ ان کے الفاظ تھے، ”میں چاہتا ہوں کہ لوگ مجھے خوشی سے یاد کریں، غم سے نہیں۔“

رام کپور نے یہ بھی بتایا کہ اس فیصلے کی وجہ سے ان کے اپنے گھر والے ان سے سخت ناراض ہو گئے۔ انہوں نے کہا کہ، “اس واقعے کو پانچ سال سے زیادہ گزر چکے ہیں، لیکن میری والدہ اور بہن آج بھی مجھ سے بات نہیں کرتیں۔

انہوں نے کہا کہ ہر کوئی بادشاہوں کی طرح جینا چاہتا ہے لیکن ان کے والد بادشاہوں کی طرح دنیا سے گئے۔ رام کپور کے مطابق اس واقعے کی وجہ سے انہوں نے موت کو بہت قریب سے دیکھا ہے اور اب ان کے لیے موت کوئی خوفناک چیز نہیں رہی۔

یاد رہے کہ رام کپور اس سے قبل بھی ”لاک اپ: سچ یا سزا“ میں اپنی ذاتی زندگی سے متعلق کئی انکشافات کر چکے ہیں۔ انہوں نے ایک پروگرام میں یہ بھی بتایا تھا کہ 13 سال کی عمر میں بورڈنگ اسکول کے دوران انہیں ہراسانی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

”لاک اپ: سچ یا سزا“ کی میزبانی فرح خان اور رتیش دیش مکھ کر رہے ہیں، جبکہ شو میں شریا کلرا، شوانگی جوشی، ہرشد چوپڑا، آکانکشا چمولہ، صوفی موتی والا، دھیرج دھوپر اور دیگر شخصیات بھی شریک ہیں۔

Read Comments