پاکستان ہاکی ٹیم میں بڑی تبدیلی، عماد بٹ کو کپتانی سے ہٹا دیا گیا
پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) نے عماد بٹ کو قومی ہاکی ٹیم کی کپتانی سے ہٹاتے ہوئے ان کی جگہ ابو بکر کو ورلڈ کپ کے لیے پاکستان ہاکی ٹیم کا نیا کپتان مقرر کردیا ہے۔
پاکستان ہاکی فیڈریشن کے ایڈہاک صدر محی الدین احمد وانی نے پروفیشنل ڈویلپمنٹ کمیٹی کی سفارش پر قومی ہاکی ٹیم کے نئے کپتان کا اعلان کیا ہے۔
بین الاقوامی سطح پر شاندار کارکردگی، قائدانہ صلاحیتوں اور ٹیم کے لیے غیر معمولی خدمات کے اعتراف میں ابو بکر کو پاکستان قومی ہاکی ٹیم کا نیا کپتان مقرر کیا گیا ہے، جو آئندہ بین الاقوامی مقابلوں میں قومی ٹیم کی قیادت کریں گے۔
عماد بٹ بدستور قومی اسکواڈ کا حصہ رہیں گے اور سینئر کھلاڑی کی حیثیت سے ٹیم کی رہنمائی جاری رکھیں گے۔
پاکستان ہاکی فیڈریشن کا کہنا ہے کہ قومی ٹیم کی نئی قیادت کا فیصلہ ورلڈ کپ کی تیاریوں اور ٹیم کی حکمت عملی کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔
