کراچی: ندی میں ڈوبنے والے بچے کی تلاش جاری، بچانے کی کوشش کرنے والا نوجوان جاں بحق
کراچی کے علاقے سہراب گوٹھ میں گزشتہ روز افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں 4 سالہ بچہ شاہویز لیاری ندی میں گر کر تیز پانی کے بہاؤ میں بہہ گیا، جسے بچانے کی کوشش کے دوران ندی میں چھلانگ لگانے والا نوجوان ڈوب کر جاں بحق ہوگیا۔
4 سالہ بچہ شاہویز گزشتہ روز گلی میں سائیکل چلا رہا تھا کہ اسی دوران اچانک اس کی سائیکل بے قابو ہو کر لیاری ندی میں جا گری اور معصوم بچہ بھی پانی کے تیز بہاؤ میں بہہ گیا۔
بچے کو ڈوبتا دیکھ کر 17 سالہ نوجوان گلاب نے بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے اسے بچانے کے لیے فوری طور پر ندی میں چھلانگ لگا دی تاہم وہ بھی پانی کی نذر ہوگیا۔ ریسکیو اہلکاروں نے کئی گھنٹوں کی کارروائی کے بعد نوجوان گلاب کی لاش برآمد کر لی جب کہ 4 سالہ شاہویز کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن تاحال دوسرے روز بھی جاری ہے۔
ریسکیو حکام کے مطابق ندی میں جمع کچرے، دلدلی زمین اور پانی کے تیز بہاؤ کے باعث سرچ آپریشن میں شدید مشکلات کا سامنا ہے تاہم لاپتہ بچے کی تلاش کے لیے ریسکیو کارروائیاں مسلسل جاری رکھی گئی ہیں۔
دوسری جانب اہلِ علاقہ کا کہنا ہے کہ لیاری ندی کے اس مقام پر اس سے قبل بھی متعدد حادثات رونما ہو چکے ہیں تاہم حفاظتی اقدامات نہ ہونے کے باعث ایسے واقعات بار بار پیش آ رہے ہیں۔
ادھر ضلعی انتظامیہ کے مطابق ڈپٹی کمشنر سینٹرل اپنی ٹیم کے ہمراہ فوری طور پر جائے وقوعہ پہنچے اور جاری ریسکیو آپریشن کی نگرانی کے ساتھ امدادی سرگرمیوں میں معاونت فراہم کی۔
ضلعی انتظامیہ نے بتایا کہ اگرچہ یہ واقعہ ضلع سینٹرل کے دائرۂ اختیار سے باہر پیش آیا تاہم انتظامیہ نے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امدادی کارروائیوں میں مکمل تعاون فراہم کیا۔ اسسٹنٹ کمشنر نیو کراچی بھی موقع پر موجود رہے اور ریسکیو اداروں کے ساتھ رابطہ کاری اور آپریشن کی نگرانی کرتے رہے۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق بچے کو بچانے کی کوشش کے دوران ڈوبنے والے نوجوان گلاب کی لاش برآمد کر لی گئی ہے جب کہ 4 سالہ شاہویز کی تلاش کے لیے سرچ اور ریسکیو آپریشن اس وقت تک جاری رکھا جائے گا جب تک آپریشن مکمل نہیں ہو جاتا۔
شاہویز کے اہل خانہ اپنے لختِ جگر کی واپسی کی امید لیے جائے وقوعہ پر موجود ہیں اور ریسکیو آپریشن کے نتائج کے منتظر ہیں۔ اہل خانہ کے مطابق شاہویز اپنے 3 بہن بھائیوں میں سب سے چھوٹا تھا۔
