بلوچستان: تربت میں گولیوں سے چھلنی 6 افراد کی لاشیں برآمد

پولیس کے مطابق تمام افراد کو گولیاں مار کر قتل کیا گیا ہے
شائع 30 جولائ 2026 12:11pm

بلوچستان کے ضلع کیچ کے شہر تربت کے علاقے ناصر آباد سے 6 افراد کی تشدد زدہ لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔

پولیس کے مطابق تمام افراد کو گولیاں مار کر قتل کیا گیا ہے۔

ابتدائی معائنے میں لاشوں پر گولیوں کے متعدد نشانات پائے گئے ہیں، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ مقتولین کو فائرنگ کر کے جان سے مارا گیا۔

پولیس نے بتایا کہ اطلاع ملنے پر اہلکار موقع پر پہنچے، لاشوں کو اپنی تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا، جہاں قانونی کارروائی مکمل کی جا رہی ہے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ تاحال کسی بھی مقتول کی شناخت نہیں ہو سکی، تاہم شناخت کے لیے کوششیں جاری ہیں اور مختلف ذرائع سے معلومات اکٹھی کی جا رہی ہیں۔

واقعے کے بعد پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد جمع کرنا شروع کر دیے ہیں جبکہ قتل کی وجوہات اور اس میں ملوث عناصر کا تعین کرنے کے لیے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق واقعے کے تمام پہلوؤں کا باریک بینی سے جائزہ لیا جا رہا ہے اور تحقیقات مکمل ہونے کے بعد مزید معلومات سامنے لائی جائیں گی۔ فی الحال حکام نے کسی بھی ممکنہ محرک یا ذمہ دار گروہ کے بارے میں کوئی حتمی بیان جاری نہیں کیا ہے۔

Read Comments