ایران کا کویت میں امریکی ایئربیس پر ڈرون حملے کا دعویٰ
ایرانی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے کویت میں واقع امریکی فوجی اڈے احمد الجابر ایئربیس پر ڈرون حملہ کیا ہے۔
ایرانی حکام کے مطابق یہ کارروائی حالیہ امریکی حملوں کے جواب میں کی گئی، تاہم اس دعوے کی آزاد ذرائع سے تصدیق نہیں ہو سکی۔
ایرانی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کی فورسز نے کویت میں واقع امریکی فوج کے اہم اڈے احمد الجابر ایئربیس پر ڈرون حملہ کیا ہے۔
ایرانی خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق فوج کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ حملے میں ایئربیس پر موجود ہینگرز، سیٹلائٹ مواصلاتی نظام اور فوجی سازوسامان کے گوداموں کو ڈرونز کے ذریعے نشانہ بنایا گیا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ کارروائی جزیرہ قشم میں ایک رہائشی گھر پر ہونے والے امریکی حملے کے ردعمل میں کی گئی۔
ایرانی فوج کے مطابق احمد الجابر ایئربیس خطے میں امریکی فضائی نگرانی اور فوجی آپریشنز کے لیے ایک اہم مرکز کی حیثیت رکھتا ہے۔
تاہم خبر لکھے جانے تک امریکہ یا کویت کی جانب سے ایرانی دعوے پر کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا، جبکہ اس حملے کی آزاد ذرائع سے بھی تصدیق نہیں ہو سکی۔