امریکا کا سب سے جدید لڑاکا طیارہ ’ایف-35‘ گر کر تباہ، پائلٹ جان بچانے میں کامیاب
امریکی ریاست کیلیفورنیا میں سان ڈیگو کے قریب واقع میرامار میرین کور ایئر اسٹیشن پر ایک انتہائی جدید اور مہنگا ایف-35 بی اسٹیلتھ فائٹر جیٹ لینڈنگ کے دوران حادثے کا شکار ہو کر تباہ ہو گیا۔
امریکی ملٹری حکام کے مطابق یہ واقعہ جمعہ کی صبح فلائٹ لائن پر پیش آیا، جسے عسکری زبان میں ’کلاس اے‘ حادثہ قرار دیا گیا ہے۔ امریکی فوج کے مطابق کلاس اے ایسے سنگین حادثے کو کہا جاتا ہے جس میں جانی نقصان، مستقل معذوری، یا 25 لاکھ ڈالر سے زائد کا مالی اور عسکری سامان کا نقصان ہو۔
حادثے کے فوراً بعد طیارے میں شدید آگ بھڑک اٹھی اور گہرے سیاہ دھوئیں کے بادل فضا میں بلند ہونے لگے، جس کے بعد ریسکیو اور فائر فائٹرز کی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔
حادثے کے وقت طیارے کا پائلٹ بروقت ایجیکٹ کرنے یعنی طیارے سے باہر نکلنے میں کامیاب رہا۔
میرین کور کی جانب سے جاری کردہ ایک تازہ بیان میں بتایا گیا ہے کہ ”پائلٹ نے خود کو طیارے سے محفوظ طریقے سے الگ کر لیا تھا، جس کے بعد انہیں مقامی طبی مرکز منتقل کر دیا گیا ہے جہاں وہ مستحکم حالت میں ہیں اور ان کے زخم جان لیوا نہیں ہیں“۔
عینی شاہدین اور جائے وقوعہ پر موجود افراد کے مطابق طیارہ لینڈنگ کی تیاری کے دوران بہت نیچے آ گیا تھا اور رن وے پر اترنے کے بجائے قریبی کھلے میدان سے جا ٹکرایا۔
امریکی نشریاتی ادارے ’فاکس نیوز‘ کے مطابق، حادثے کے وقت پاس سے گزرنے والے 36 سالہ ویڈ لوٹ نے اس خوفناک منظر کے بارے میں بات کرتے ہوئے بتایا کہ ”طیارہ اچانک دھماکے سے پھٹ گیا، منظر انتہائی حیران کن تھا، میں اپنے ٹرک میں بیٹھا دیکھ رہا تھا کہ دو جیٹ طیارے ایک ساتھ نیچے آ رہے تھے، پہلا طیارہ تو بغیر کسی مسئلے کے اتر گیا لیکن دوسرا اچانک آہستہ ہونے لگا جیسے کہ وہ ایک جگہ ہوا میں معلق ہونے کی کوشش کر رہا ہو، پھر جب طیارہ زمین سے تقریباً 100 فٹ کی بلندی پر تھا تو پائلٹ باہر نکل آیا اور اس کا پیراشوٹ 200 فٹ کی بلندی پر جا کر وقت پر کھل گیا“۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ”جیٹ طیارہ دوسرے طیارے کے بالکل قریب زمین سے ٹکرایا اور رن وے کے ساتھ گھسٹتا ہوا دھماکے سے پھٹ گیا“۔
سان ڈیگو فائر ڈیپارٹمنٹ کی ترجمان کینڈس ہیڈلی نے اس صورتحال پر بات کرتے ہوئے بتایا کہ ”فائر فائٹرز اور امدادی اہلکار حادثے کی جگہ کے قریب جھاڑیوں میں لگنے والی آگ کو بجھانے اور اس پر قابو پانے کے لیے فوری طور پر موقع پر پہنچ گئے تھے“۔
فضائی مناظر اور ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ مٹی کے میدان میں تباہ شدہ طیارے سے سیاہ دھواں اٹھ رہا تھا اور فائر فائٹرز فوم اور پانی کے ذریعے آگ بجھانے میں مصروف تھے۔
ماہرین کے مطابق ایف-35 بی ایک انتہائی جدید اور طاقتور جنگی طیارہ ہے جو عمودی طور پر اترنے اور مختصر رن وے سے اڑان بھرنے کی صلاحیت رکھتا ہے، اور ایک طیارے کی اوسط قیمت تقریباً 10 کروڑ 90 لاکھ ڈالر ہے۔
عسکری حکام نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں تاکہ حادثے کی اصل وجوہات کا تعین کیا جا سکے۔